عمان کا آج زمینی، فضائی اور سمندری راستے کھولنے کا فیصلہ

   


مسقط ۔ عمان 29 دسمبر سے اپنی زمینی، فضائی اور سمندری سرحدیں کھول رہا ہے۔یہ اطلاع حکومتی ٹوئٹر اکاؤنٹ پر دی گئی ہے۔ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ تمام ممالک سے آنے والوں کے لئے سفر سے 72 گھنٹے قبل کیا جانے والا کووڈ کا منفی ٹسٹ ضروری ہو گا جب کہ دوسرا ٹسٹ کسی بھی ایرپورٹ پر پہنچنے کی صورت میں کیا جائے گا۔عمان نے کورونا کی نئی قسم سے بچنے کے لیے پچھلے ہفتے ہی اپنی سرحدیں بند کی تھیں۔کووڈ 19 سپریم کمیٹی نے کہا ہے کہ ہوائی اور سمندری سرحدیں بند کرنے کا فیصلہ دوسرے ممالک میں وائرس کی نئی شکل سامنے آنے کی وجہ سے کیا گیا تھا۔وائرس کی نئی شکل کی طبی وجوہات وہی ہیں جو پچھلے کی ہیں تاہم یہ 70 گنا زیادہ متعدی ہے۔ اس کی نشاندہی برطانیہ اور دیگر یورپی ممالک سمیت آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ میں ہوئی۔اس حوالے سے برطانوی وزیر صحت نے کہا ہے یہ قابو سے باہر ہو گیا ہے‘ وائرس کی نئی شکل ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکہ، برطانیہ اور چین میں کورونا کی ویکسین تیارکرلی گئی اور یہ امید پیدا ہوگئی تھی کہ عالمی وبا کو شکست دے دی جائے گی۔اب برطانیہ کے ڈاکٹر اس پر تحقیق کر رہے ہیں کہ یہ ویکسین کے خلاف مزاحم ہے یا نہیں، تاہم اس کا حتمی جواب کم سے کم دو ہفتے بعد سامنے آئے گا۔