عمران خان سمیت پی ٹی آئی کے گرفتار رہنماؤں کی رہائی کیلئے قومی اسمبلی میں قرارداد جمع

   

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں اور اسیر صحافیوں کی رہائی کیلئے قرارداد پارلیمنٹ ہاؤس میں جمع کرادی۔‘ڈان نیوز’ کے مطابق قرارداد سابق اسپیکر اسد قیصرنے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ جمع کرائی۔ قرارداد میں عمران خان و دیگر پارٹی رہنماؤں شاہ محمود قریشی، چودھری پرویز الہٰی اور اعجاز چودھری کے علاوہ صحافی عمران ریاض اور اسد طور کے خلاف غیرقانونی مقدمات ختم کرکے فوری رہائی کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔قرارداد میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سیاسی بنیادوں پر قائم کیے گئے مقدمات کی کوئی حیثیت نہیں ہے ۔قبل ازیں رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اسد قیصر نے کہا تھا کہ ہم بانی پی ٹی آئی عمران خان پر بنائے گئے مقدمات کو واپس لینے کیلئے قرارداد لارہے ہیں۔