عمران خان کا بغیر پروٹوکول سرکاری اسپتالوں کا دورہ

,

   

اسلام آباد۔25مئی ۔(سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی وزیراعظم عمران خان بغیر پروٹوکول سرگودھا اور خوشاب کے سرکاری اسپتالوں کے اچانک دورے پر پہنچ گئے اور ایک بستر پر چار چار بچوں کو دیکھ کر برہم ہوئے ، اسپتال میں مریضوں کو دی جانیوالی سہولتوں پر بریفنگ لی۔ذرائع کے مطابق عمران خان نے سرگودھا میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ٹیچنگ اسپتال کا اچانک دورہ کیا ،اس موقع پر اسپتال میں موجود لوگوں نے وزیر اعظم عمران خان کی اسپتال آمد پر خیرمقدمی نعرے لگائے۔وزیراعظم نے اسپتال کی مرکزی ایمرجنسی کے علاوہ بچوں کی ایمرجنسی کا بھی دورہ کیا ،مریضو ں کے لواحقین نے وزیراعظم سے شکوہ کیا کہ اسپتال میں ڈاکٹر موجود نہیں ہیں۔عمراں خان اسپتال کے اندر ایک بستر پر چار چار بچوں کو دیکھ کر سخت برہم ہو ئے ، انہوں نے اسپتال انتظامیہ کو علاج کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کیلئے ہدایات بھی دیں۔وزیر اعظم عمران خان 20 منٹ تک ڈی ایچ کیو ٹیچنگ اسپتال میں موجود رہے ، ان کے اچانک دورے سے کمشنر، ڈی سی اورآر پی او لا علم رہے۔واضح رہے کہ وزیراعظم نے عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات کی براہ راست نگرانی کا سلسلہ سرگودھا سے شروع کردیا ہے، وہ اس سلسلے میں مختلف شہروں میں جاکر عوام سے ملیں گے اور سہولتوں کا جائزہ لیں گے۔