عمران خان کل جماعتی کانفرنس میں شرکت نہیں کریں گے

   

اسلام آباد : وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے منگل کے روز اسلام آباد میں کل جماعتی کانفرنس بلانے کا اعلان کر رکھا ہے۔ پی ٹی آئی قائدؤں کا کہنا ہے کہ حکومتی انتقامی کاروائیوں کے سبب وہ شریک نہیں ہوں گے۔ پاکستان تحریک انصاف کے قائدؤں نے وزیر اعظم شہباز شریف کی طرف سے دہشت گردی کے معاملہ سے نمٹنے کے لیے بلائی گئی کل جماعتی کانفرنس (اے پی سی) میں شرکت کے حوالے سے ملے جلے رد عمل کا اظہار کیا ہے۔ پی ٹی کے نائب چئیرمین شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ان کی جماعت آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کا فیصلہ مشاورت کے بعد کرے گی۔ تاہم تحریک انصاف کے ایک اور مرکزی قائد اسد عمر کا کہنا ہے کہ عمران خان وزیر اعظم کی طرف سے بلائی جانے والی اس کانفرنس میں شریک نہیں ہوں گے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے جمعہ کے روز اعلٰی ترین حکومتی فورم ایپکس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ وقت کی ایک اہم ضرورت ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں مل کر اور تمام جماعتیں اپنے سیاسی علاقائی اور مذہبی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر دہشت گردی کے معاملہ سے نمٹیں۔