عوامی جان و مال کے تحفظ کیلئے پیشگی اقدامات پر زور

   

آئندہ ہفتہ بھی شدید بارش کا امکان، سنگاریڈی میں جائزہ اجلاس، ضلع کلکٹر کا خطاب

سنگاریڈی31 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاست میں موسمی تبدیلیوں اور محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری انتباہ کے پیشِ نظر آئندہ ہفتے بھی شدید بارش کا امکان ہے۔ اس صورتحال کے باعث ضلع کلکٹر پرتیک جین نے تمام سرکاری محکموں کے افسران کو مکمل چوکسی کے ساتھ فرائض انجام دینے کی ہدایت دی ہے۔کلکٹر نے کہا کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے پیشگی اقدامات کیے جائیں اور ضلع سے لے دیہاتوں کی سطح تک ڈیزاسٹر مینجمنٹ نظام کو مکمل طور پر تیار رکھا جائے سنگا ریڈی کلکٹریٹ میں منعقدہ ویڈیو کانفرنس کے دوران ایڈیشنل کلکٹرس، آر ڈی اوز، تحصیلداروں، ایم پی ڈی اوز، میونسپل کمشنروں، پولیس، آبپاشی، صحت، بجلی، دیہی آب رسانی، زراعت، تعلیم اور دیگر محکموں کے افسران کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا گیا۔کلکٹر نے ہدایت دی کہ ندیوں، نالوں کی سخت حفاظتی انتظامات کیے جائیں نشیبی علاقوں کی نشاندہی کرکے امدادی و بازآبادکاری مراکز تیار رکھے جائیں۔ موسمی بیماریوں کی روک تھام کے لیے صفائی مہم تیز کی جائے اور ہر جمعہ “ڈرائی ڈے” مہم لازمی طور پر چلائی جائے شہری اور دیہی علاقوں میں پینے کے پانی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔ شہری علاقوں میں نکاسی آب اور ہنگامی خدمات کے لیے پیشگی منصوبہ بندی کی جائے۔ایڈیشنل ایس پی چیتنیہ ریڈی نے بھی ہدایت دی کہ ہر منڈل میں خصوصی ڈیزاسٹر مینجمنٹ کمیٹیاں تشکیل دی جائیں، خطرناک مقامات کی مسلسل نگرانی کی جائے اور تمام محکمے باہمی تعاون سے عوام کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔