عوامی مسائل کے حل اور خدمات کو موثر بنانے میئر کا دورہ

   

بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے زمینی سطح پر جائزہ لیں ، عہدیداروں کو ہدایت

نظام آباد ۔17 جون ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) شہر کے عوامی مسائل کے حل اور عوامی خدمات کو مزید مؤثر بنانے کے مقصد سے میئر اوما رانی اور میونسپل کمشنر دلیپ کمار نے شہر کے 59، 10 اور 21 ڈویژنوں کا تفصیلی دورہ کیا۔ عوام کے درمیان پہنچ کر ان کے مسائل سے براہِ راست واقفیت حاصل کرنے اور شفاف و عوام دوست طرزِ حکمرانی کو فروغ دینے کے مقصد سے منعقدہ اس دورے کو مقامی عوام کی جانب سے بھرپور تائیدحاصل ہوئی۔دورے کے دوران کالونیوں، اہم سڑکوں، اندرونی گلیوں، نکاسی آب کے نظام، پینے کے پانی کی فراہمی، صفائی ستھرائی اور اسٹریٹ لائٹس کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ مقامی افراد نے اپنے علاقوں کو درپیش مختلف مسائل میئر اور کمشنر کی توجہ میں لائے، جنہیں انہوں نے غور سے سنتے ہوئے متعلقہ عہدیداروں کے ساتھ موقع پر ہی تبادلہ خیال کیا اور فوری اقدامات کی ہدایت دی۔ بالخصوص پینے کے پانی کی فراہمی میں رکاوٹوں، ڈرینج مسائل، خستہ حال سڑکوں اور صفائی کے نظام میں پائی جانے والی خامیوں کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ بعد ازاں میئر اور کمشنر نے مختلف ڈویژنوں میں جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے ان کے معیار اور پیش رفت کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات جاری کیں۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کو دفاتر میں بیٹھ کر جاننے کے بجائے زمینی سطح پر معائنہ کرنے سے ان کے فوری اور مؤثر حل میں مدد ملتی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہری ترقی، عوامی بہبود اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لیے میونسپل کارپوریشن مسلسل کوششیں جاری رکھے گی اور ہر ڈویژن کو مثالی علاقہ بنانے کے لیے اجتماعی طور پر کام کیا جائے گا۔ اس موقع پر مقامی کارپوریٹرس، میونسپل عہدیداران، عوامی نمائندے، سیاسی قائدین اور بڑی تعداد میں کالونی کے مکین موجود تھے۔