ببلی کنٹہ کی سخت نگرانی کا فیصلہ ، میونسپل چیئر پرسن کے سنتوش ، وائس چیرمین حافظ شیخ شفیع کا دورہ
سنگاریڈی ۔ 16 جون ۔ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) سنگا ریڈی میونسپل چیئرپرسن کونا ونیتا سنتوش، وائس چیئرمین حافظ شیخ شفیع اور میونسپل کمشنر سری نواس ریڈی نے کہا کہ ببلی کنٹہ اور دیگر عوامی مقامات پر کھلے عام کچرا پھینکنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے 5 ہزار روپئے جرمانہ عائد کیا جائے گا بلدیہ کی جانب سے ببلی کنٹا تالاب اور اطراف کے علاقوں میں جمع کچرے کی بڑے پیمانے پر صفائی کی جا رہی ہے۔ حافظ شیخ شفیع نے کہا کہ برسات کے موسم میں نالوں اور آبی گزرگاہوں میں کچرا جمع ہونے سے پانی کی نکاسی متاثر ہوتی ہے، جس کے نتیجے میں سڑکوں اور رہائشی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ رہتا ہے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ گھریلو کچرا بلدیہ کے ٹریکٹروں اور آٹو گاڑیوں میں ہی ڈالیں اور تالابوں یا سڑکوں پر کچرا پھینکنے سے گریز کریں۔ کمشنر سری نواس ریڈی نے کہا کہ گندگی کے باعث ڈینگو، ملیریا اور دیگر بیماریوں کے پھیلنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، اس لیے شہری صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھیں۔بلدیہ نے ببلی کنٹہ کے اطراف نگرانی سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی۔