عوام کو دھوکہ دینے والی خود ساختہ سوسائٹی کے خلاف کارروائی،فلک نما پولیس کا اقدام ، اے سی پی فلک نما کا بیان

   

حیدرآباد 7 جنوری (سیاست نیوز) فلک نما پولیس نے جنگم میٹ علاقہ میں واقع ایک خود ساختہ سوسائٹی کے خلاف جو فلاح و بہبود کا دعویٰ کرتے ہوئے عوام کو مبینہ طور پر دھوکہ دے رہی تھی، کارروائی کرتے ہوئے ایک مقدمہ درج کرلیا۔ اسسٹنٹ کمشنر پولیس فلک نما مسٹر ایم اے رشید کے بموجب جنگم میٹ فلک نما میں واقع ویزی ویلفیر سوسائٹی جو شیخ اسماعیل امجد نامی شخص چلارہا تھا، نے عوام کو فلاح و بہبود کا لالچ دیتے ہوئے دھوکہ دیا اور اسکول فیس کی ادائیگی، طبی امداد اور دیگر کاموں میں مدد کرنے کے لئے کئی خواتین کو رکنیت فراہم کی۔ جس کے عوض 100 روپئے فی کس حاصل کئے۔ ویزی ویلفیر سوسائٹی پر شبہ ظاہر کرتے ہوئے بعض خواتین نے پولیس فلک نما سے دھوکہ دہی کی ایک شکایت درج کروائی جس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے سوسائٹی کے سربراہ شیخ اسماعیل امجدکے خلاف دھوکہ دہی، اعتماد شکنی کا ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے اُس کی گرفتاری کے لئے تین ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔ قبل ازیں متاثرہ خواتین نے ویزی ویلفیر سوسائٹی کے دفتر کے قریب آج ایک احتجاجی دھرنا منظم کیا اور پولیس سے اُس کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔