حیدرآباد ۔ 2 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج نے تلنگانہ کے رائے دہندوں پر زور دیا کہ وہ رائے دہی کے دن ان کے ارکان خاندان اور دوستوں کے ساتھ پولنگ اسٹیشنس پہنچ کر ووٹ ڈالنے کو ایک خوشگوار تجربہ بنائیں ۔ کل یہاں ان کے آفس پر ریڈیو جاکیز ( RJs ) کے ساتھ ایک اجلاس میں وکاس راج نے تلنگانہ عوام سے پر جوش اپیل کی کہ لوک سبھا انتخابات میں دیہی اور شہری دونوں علاقوں میں صد فیصد رائے دہی کو یقینی بنائیں ۔ سرفراز احمد ، جوائنٹ سی ای او اور نو آر جیز بشمول اے آئی آر کے ذمہ داروں نے شرکت کی ۔ اس موقع پر انہیں رائے دہندوں کو ووٹ دینے کی ترغیب دینے کی مہم کے بارے میں بتایا گیا ۔ اور رائے دہندوں میں اس تعلق سے تحریک پیدا کرنے پر زور دیا گیا ۔ وکاس راج نے ان سے کہا کہ وہ ووٹ ڈالنے کی اہمیت پر ان کے خصوصی پروگرامس جاری رکھتے ہوئے عوام میں اس تعلق سے بیداری پیدا کریں ۔ انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ ایک ٹو ۔ وہیلر ہائر کمپنی نے رائے دہندوں کو بوتھس کو لانے لے جانے کی پیشکش کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو اس نظریہ کو چھوڑنا ہوگا کہ ’ اگر میں ایک ووٹ نہیں ڈالا تو واقعی کچھ ہوگا کیا ‘ ۔ اور کہا کہ ہر ایک ووٹ کی اہمیت ہوتی ہے ۔۔