عوام کی آوازجتنی دبائیں گے اتنی ہی تیزہوگی : پرینکاگاندھی

,

   

نئی دہلی، 19 دسمبر (سیاست ڈاٹ کام)شہریت ترمیمی قانون کے خلاف جاری مظاہروں کے پیش نظر قومی دارلحکومت دہلی میں میٹرو اسٹیشن اور انٹرنیٹ سروسز بند کرکے دفعہ 144 نافذ کرنے پر کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے آج خبردار کیا کہ حکومت کو سمجھ لینا چاہیے کہ لوگوں کی آواز دبانے کی جتنی کوشش کی جائے گی وہ اتنی ہی تیز آئے گی۔ محترمہ گاندھی نے ٹویٹ کیا کہ میٹرو بند ہیں، انٹرنیٹ بند ہے ، ہر جگہ دفعہ 144 لگی ہوئی ہے ۔ کسی بھی جگہ آواز اٹھانے کی اجازت نہیں ہے ۔ جن لوگوں نے ٹیکس دہندگان کا پیسہ خرچ کرکے کروڑوں روپئے کے اشتہار لوگوں کو سمجھانے کے لئے نکالے ہیں وہی لوگ عوام کی آواز سے اتنا بوکھلائے ہوئے ہیں کہ سب کی آواز بند کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو سمجھ لینا چاہیے کہ وہ جبر وسطم کے ذریعہ لوگوں کی آواز دبا نہیں سکتی کیونکہ لوگوں کی آواز کو جتنا دبائیں گے اتنی ہی تیزی سے اٹھے گی۔ واضح رہے کہ منڈی ہاوس، سیلم پور ، جعفرآباد ، مسطفیٰ آباد، جامعہ نگر، شاہین باغ اور باوانا علاقوں میں ٹیلی فون اور ایس ایم ایس اور انٹرنیٹ خدمات بند کردی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ کئی میٹرواسٹیشن بند کردیئے گئے ہیں اور کئی علاقوں میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے ۔