عوام کے درمیان تفرقہ پیدا کرکے سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش ناقابل برداشت

   

جھوٹ اور فرضی تاریخ پر مبنی فلم ’رضاکار‘ پر فوری پابندی عائد کرنے کا مطالبہ: ڈاکٹر ولی اللہ قادری

حیدرآباد۔/30 مارچ، ( سیاست نیوز) عوام کے درمیان تفرقہ پیدا کرتے ہوئے سیاسی فائدہ حاصل کرنے کی کسی بھی کوشش کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور حقیقت کے برخلاف تاریخ بیان کرنے کی ہر کوشش کو ناکام بنایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر ولی اللہ قادری صدر آل انڈیا یوتھ فیڈریشن نے کیا۔ انہوں نے آج یہاں پروگرام میں ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا کہ جھوٹ اور فرضی تاریخ پر مبنی فلم ’ رضاکار‘ پر فوری پابندی عائد کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی ریاست کے ماحول کو بگاڑنے کی کوشش کررہی ہے اور سماج میں ہندو، مسلم کے درمیان تفرقہ پیدا کرتے ہوئے پرامن ماحول کو بگاڑنا چاہتی ہے۔ انہوں نے افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ نظام رضاکار اور اعلیٰ ذات طبقات کے خلاف کمیونسٹوں کی جدوجہد کا فلم میں کوئی ذکر نہیں کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ صرف قاسم رضوی اور اس کی رضاکار فوج کے ظلم و زیادتیوں کا تذکرہ کیا گیا لیکن نظام حکومت کے خلاف جدوجہد کرتے ہوئے شہید ہونے والے شعیب اللہ خان کا کوئی ذکر نہیں۔ رضاکار فوج کے صدر قاسم رضوی کو بھی پیش کیا گیا جبکہ نائب صدر راجندر ریڈی کا کوئی تذکرہ نہیں، فلم میں صرف ایک فرقہ کو نشانہ بناتے ہوئے ایک فرقہ کو ختم کرنے کی سازش پیش کی گئی اور حقیقی تاریخ کا کوئی ذکر نہیں کیا گیا جبکہ رضاکار فوج کے نائب صدر رامچندر ریڈی کا کوئی رول نہیں دکھایا گیا۔ سید ولی اللہ قادری نے کہا کہ نظام حکومت کے خلاف کسی ایک فرقہ کی عوام نے نہیں بلکہ مسلمانوں نے بھی نظام حکومت کے خلاف جدوجہد میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ انہوں نے چنگی چرلہ کے معاملہ کو بی جے پی کی سازش قرار دیا اور کہا کہ ریاست میں بی جے پی گجرات اور اترپردیش کی پالیسی کو اپنارہی ہے۔ انہوں نے عوام کو آپس میں لڑانے اور تفریق پیدا کرنے کے خلاف بی جے پی کو سنگین نتائج کا انتباہ دیا اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ’ رضاکار‘ فلم پر فوری پابندی عائد کرے۔ اس موقع پر ورکنگ پریسیڈنٹ سریکانت کے علاوہ شنکر، سرینواسلو، ستیہ پرساد اور دیگر موجود تھے۔ع