عیدگاہ گنبدان قطب شاہی میں مولانا متین علی شاہ کا خطاب
حیدرآباد 12اپریل(پریس نوٹ) عید انعام و اکرام کا دن ہے۔ اللہ تعالیٰ اہل ایمان کیلئے پروانہ مغفرت عطا فرماتا ہے۔ عید و شائستگی کا یوم مسرت اور اسلام کی عظمت و رفعت ‘ امت مسلمہ کے اتحاد و یگانگت اور اسلام کے عظیم اقدار اور روایات کی علامت ہے۔ ان خیالات کا اظہار مولانا قاری سید متین علی شاہ قادری نے عیدگاہ گنبدان قطب شاہی قلعہ گولکنڈہ میں عید کے کثیر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مولانا متین علی شاہ نے کہا کہ آج ہم اپنے عزیز و اقارب کے ساتھ خوشیاں منا رہے ہیں لیکن فلسطینی عوام زخمی جسم و جان اور اولاد و عزیزوں کے بغیر حالات جنگ میں’ ظلم و ستم میں مساجد کے ملبہ پر نماز ادا کررہے ہیں۔ عید کے دن ہمیں ان تباہ حال بے یار و مددگار بھائیوں کیلئے ضرور دعا کرنا چاہئے۔ پوری مسلم قوم جسد واحد کی طرح ہے۔ رمضان المبارک میں اختیار کردہ تقویٰ’ پرہیز گاری ‘ نماز کی پابندی اور صدقات و خیرات کا سلسلہ سارا سال جاری و ساری رکھیں اور اللہ اور اس کے رسولؐ کی سچی اطاعت و فرمانبرداری اختیار کرتے ہوئے ہر قسم کی نافرمانی اور اللہ تعالیٰ کی ناراضگی والے کاموں سے بچنے کی کوشش کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے نیک توفیق طلب کرتے رہیں۔ یہی حقیقی عید کی مسرت و شادمانی ہیے۔ ابتداء میں الحاج غلام محی الدن خان پاشاہ بھائی نے مصلیوں کا خیرمقدم کیا اور نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ نیکی کے کاموں میں آگے آئیں اور آپسی اتحاد و اتفاق مزید مستحکم کریں جو کہ وقت کا اہم تقاضہ ہے۔ جناب کوثر محی الدین ایم ایل اے کاروان کی نگرانی میں مختلف محکمہ جات آبرسانی ‘ ٹرانسکو ‘ بلدیہ اور آر ٹی سی کے علاوہ محکمہ پولیس کی جانب سے وسیع و عریض انتظامات کئے گئے تھے۔ گورنمنٹ ایریا ہاسپٹل گولکنڈہ کی جانب سے میڈیکل کیمپ لگایا گیا تھا اور مختلف مذاہب کے ماننے والوں کیلئے شامیانے لگائے گئے تھے تمام نے مسلمانوں کو عید کی مبارکباد پیش کی اور عیدگاہ کے عہدیداروں کی گلپوشی و شال پوشی کی گئی۔ اس موقع پر گنگا جمنی تہذیب کے نظارے دیکھنے میں آئے۔ آخر میں عالم اسلام خاص کر فلسطین غزہ اور صدر مجلس بیرسٹر اسد الدین اویسی ‘ جناب اکبر اویسی کی صحت و کامیابی کیلئے دعا کی گئی۔ اس موقع پر حبیب زین العابدین عابد’ شکیل علی خان ‘ امین پاشاہ ‘ عزیز خان پٹھان ‘ ہارون فرحان اور دیگر نے انتظامات میں حصہ لیا۔ آخر میں الیاس اکبر نے تمام کا شکریہ ادا کیا۔