غریبوں کو مکانات،حصول اراضی کے لیے 500کروڑ روپئے کی رشوت:چندرابابو

   

حیدرآباد۔ تلگودیشم پارٹی کے قومی صدر این چندرابابونائیڈو نے الزام لگایا ہے کہ بے گھر افراد میں اراضی کی تقسیم کے مقصد سے حصول اراضی کے لئے 500 کروڑ روپئے کی رشوت خوری ہوئی ہے ۔ چیف سکریٹری نیلم سہائے کے نام لکھے گئے مکتوب میں نائیڈو نے کہا کہ حکومت غیر قانونی طریقہ سے نشیبی علاقوں کی اراضی، خشک اراضی،ساحلی جنگلاتی اراضی اور دیگر جنگاتی اراضی خرید رہی ہے جو مکانات کے لئے موزوں نہیں ہے ۔ریاستی حکومت نے راجہ نگرم اسمبلی حلقہ کے کوروکونڈا منڈل کے بوروگوپوڑی گاوں میں مکانات کے نام پر 600ایکڑنشیبی علاقوں کی اراضی حاصل کی ہے ۔یہ اراضی 45لاکھ روپئے فی ایکڑ کے حساب سے خریدی گئی ہے جس کی مکمل رقم 270کروڑروپئے ہوتی ہے ۔اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نے الزام لگایا کہ حکومت نے غریبوں کیلئے امکنہ اراضی کے نام پر 500کروڑروپئے کا گھپلہ کیا ہے جبکہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ حکمران جماعت کے لیڈروں نے اس رقم کو ہڑپ لیا ہے ۔