غریب جوڑے کا اعتماد جیت کر لوٹنے والا آٹو ڈرائیو گرفتار

   


حیدرآباد : سارق ایک آٹو ڈرائیور ہے جو ضعیف جوڑے کو سفر کی سہولیات فراہم کرتا تھا۔ بینک سے رقم نکالنے کیلئے یہ جوڑا ہمیشہ اس آٹو ڈرائیور کو بلایا کرتے تھے اس دوران اس آٹو ڈرائیور سے ان کی دوستی پکی ہوگئی اور اب وہ اس پر کافی بھروسہ کرنے لگے تھے کہ اچانک اس نے اس ضعیف جوڑے کو دھوکہ دیا لیکن اندرون 2 گھنٹے گرفتار بھی کرلیا گیا ۔یہ واقعہ میرپیٹ پولیس حدود میں پیش آیا۔ پولیس نے ضعیف جوڑے کو لوٹنے والے آٹو ڈرائیور ناگیا کو گرفتار کرلیا جس کی عمر 41 سال بتائی گئی ہے۔ ناگیا ساکن بالاپور اور متوطن بوئن پلی محبوب نگر بتایا گیا ہے۔ پولیس نے اس کے قبضہ سے ایک لاکھ 25 ہزار روپئے نقد رقم، موٹر سیکل، تین اے ٹی ایم کارڈ اور 13.40 تولہ طلائی زیورات کو ضبط کرلیا جس کی مالیت تین لاکھ 95 ہزار روپئے بتائی گئی ہے۔ 15 جنوری کو ناگیا نے اس ضعیف جوڑے کا بھروسہ جیت لیا اور واردات کو انجام دیا تھا۔ پولیس نے ناگیا کو گرفتار کرتے ہوئے عدالتی تحویل میں دیدیا۔