غریب خاندانوں کو غربت سے نکال کر روزگار فراہم کرنا بڑا قدم

   

ترکا کاسا طبقہ میں مشینوں کی تقسیم تقریب، ہریش راؤ و دیگر کی شرکت
سدی پیٹ 5 جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ترکا کاسا اسٹیٹ جنرل سکریٹری سید شریف کی اطلاع کے مطابق جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست، ترکا کاسا خاندانوں میں 50 پتھر کاٹنے والے افراد میں مشین تقسیم کریں گے۔ آج اس ضمن میں ایک تقریب سدی پیٹ میں منعقد کی جارہی ہے جس میں جناب عامر علی خاں کے علاوہ بحیثیت مہمان خصوصی ہریش راؤ سابق ریاستی وزیر و رکن اسمبلی، محمد فاروق حسین شرکت کریں گے۔ جنرل سکریٹری سید شریف نے کہاکہ عامر علی خاں نے ایک لاکھ خاندانوں کو غربت کی سطح سے نکال کر روزگار فراہم کرتے ہوئے بہت بڑا قدم اُٹھایا ہے۔ سابق میں بھی پتھر کاٹنے کی مشینوں کا اُنھوں نے سلم بستیوں میں رہ کر محنت مزدوری کرنے والوں کو روزگار سے جوڑتے ہوئے تقسیم کیا تھا۔ غریب عوام کے جذبہ سے سرشار ایک صحافی کے دل میں بے روزگار نوجوانوں بالخصوص ترکا کاسا خاندانوں کی ان کی جانب سے مدد کو ہم بھی نہیں بھلا سکتے۔ ہمیشہ ہماری دعائیں ان کے حق میں ہے۔ واضح رہے کہ پتھر کاٹ کر محنت مزدوری کرنے والوں کے پاس خود کا اپنا مشین ہو تو وہ اپنی آمدنی میں اضافہ کرتے ہوئے ترقی کی سمت جاسکتے ہیں۔ یہ حقیقت ہے کہ نوکری خاندان کو پالتی ہے کاروبار نسلوں کو پالتا ہے۔ ہم جناب عامر علی خاں کے جذبہ کی قدر کرتے ہیں جنھوں نے صحافت سے منسلک ہوتے ہوئے بیروزگار نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لئے سیاست ہب قائم کیا۔ آج کے اس پُرآشوب دور میں جہاں عوام کو کئی مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے جیسے SIR ہونا اور کوئی بھی کام ہو اس کی رہنمائی کے لئے انھوں نے جو اقدامات کئے ہیں اس کو ملت کبھی فراموش نہیں کرسکتی بلکہ یہ غریب عوام کی اُمید بن کر تلنگانہ میں ایک عزم کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔ ہمیں ان کے ساتھ بھرپور تعاون کرتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے۔