غزہ سے فلسطینیوں کی جبری نقل مکانی یکسر مسترد

   

سعودی عرب اور ملائیشیا کا کشیدگی روکنے اور شہریوں کے تحفظ پر زور

ریاض : سعودی عرب اور ملائیشیا نے فلسطینی علاقوں میں فوجی کشیدگی کو روکنے اور شہریوں کے تحفظ کی ضرورت پر زور دیا ہے۔سعودی پریس ایجنسی نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم کے درمیان ملاقات کے بعد ایک بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دونوں قائدین نے غزہ کی پٹی پر حملے کے منصوبے کو روکنے کے لیے اسرائیل پر دباؤ ڈالنے کی خاطر عالمی برادری کے کردار پر زور دیا۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ سعودی عرب اور ملائیشیا نے فلسطینیوں کی جبری نقل مکانی اور اس کے نتیجے میں ہونے والے سنگین نتائج سے بھی خبردار کیا ہے۔دونوں فریقوں نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کو بین الاقوامی قانون اور بین الاقوامی انسانی حقوق کا احترام کرنے کے لیے مجبور کرے اور بین الاقوامی انسانی تنظیموں کو فلسطینی عوام کو انسانی امداد فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کرنے کی اجازت دے۔سعودی ولی عہد نے بار بار کشیدگی کی رفتار کو کم کرنے اور اس بات کو یقینی بنانے کے لیے تمام ممکنہ کوششیں کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے کہ تشدد میں توسیع نہ ہو، طبی اور امدادی سامان کو پٹی تک پہنچانے کے لیے غزہ کا محاصرہ ختم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔