غزہ متاثرین کی امداد کے نام پر دھوکہ ‘ این جی او کے خلاف مقدمہ

   

بھاری رقومات حاصل کرنے کا الزام ۔ وکیل کی شکایت پر سعید آباد پولیس کا اقدام
حیدرآباد ۔ 16 اپریل (سیاست نیوز) غزہ متاثرین کو امداد پہنچانے کے نام پر چندہ وصول کرکے عوام کو دھوکا دینے والے ایک غیرسرکاری تنظیم کے خلاف سعیدآباد پولیس نے دھوکہ دہی کا ایک مقدمہ درج کرلیا۔ یہ کارروائی مقامی وکیل پی سائی کشور کی درخواست پر کی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق 15 اپریل کو وکیل نے سعیدآباد پولیس سے تحریری شکایت درج کروائی جس میں بتایا کہ حیدرآباد یوتھ کریج (ایچ وائی سی) کے بانی رکن سید ایوب نے سوشل میڈیا پر یہ دعویٰ کیا کہ وہ فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی امداد کیلئے چندہ اکھٹا کررہے ہیں اور اس اپیل پر سینکڑوں افراد نے سید ایوب کے شخصی بینک کھاتوں میں لاکھوں روپئے منتقل کئے۔ ایڈوکیٹ پی سائی کشور نے اپنی درخواست میں یہ بتایا کہ ایچ وائی سی جو غیرسرکاری تنظیم ہے، کے خلاف سابق میں دھوکہ دہی کے کئی مقدمات درج کئے گئے ہیں اور وہ غیرسماجی سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔ فلسطین کی جاریہ جنگ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سید ایوب نے سوشل میڈیا ، فیس بک پیج کے ذریعہ بھاری رقومات حاصل کی اور اس اپیل پر یقین کرتے ہوئے کئی افراد نے انہیں رقم حوالے کی۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین کی سرحد تک پہنچنا بھی ناممکن ہے جبکہ مذکورہ افراد نے مصر کے ذریعہ فلسطین میں پہنچ کر وہاں کے مسلمانوں کو امداد کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے عوام کو دھوکہ دیا۔ اس شکایت پر پولیس سعیدآباد نے تعزیرات ہند کے دفعہ 420 کے تحت ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے سب انسپکٹر شیواشنکر نے تحقیقات کا آغاز کیا۔