غسلِ کعبہ کی تکمیل ، نائب گورنر مکہ کی شرکت

,

   

ریاض( کے این واصف): حسب روایت مسجد الحرام مکہ مکرمہ میں غسل کعبہ کی تقریب کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔ چہارشنبہ کو خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی نیابت کرتے ہوئے ڈپٹی گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ بدر بن سلطان بن عبدالعزیز نے غسل کعبہ کی تقریب میں شرکت کی۔اللہ تعالیٰ کے گھر کو آبِ زم زم اور خالص عرق گلاب سے دھونے کے بعد عود اور دیگر خوشبوؤں سے معطر کیا گیا۔اس موقع پر حرمین شریفین انتظامی امور کے حکام سمیت ائمہ کرام اور غیر ملکی سفراء کرام نے بھی شرکت کی۔پاکستان کے سفیر احمد فاروق نے بھی غسل کعبہ کی رسم میں حصہ لیا۔ غسل کعبہ کی رسم سعودی قائدین مملکت کے قیام کے وقت سے ادا کررہے ہیں۔بانی مملکت شاہ عبدالعزیز اپنے عہد میں غسل کعبہ کی رسم ادا کرتے تھے۔ ان کے بعد ان کے حکمراں فرزند شاہ سلمان بن عبدالعزیز تک اس کی پابندی ہو رہی ہے۔