فارم ہاؤز پر دھاوا ،دو لڑکیاں اور 16 نوجوان گرفتار

   

حیدرآباد ۔ 28اپریل ( سیاست نیوز) شہر کے نواحی علاقہ میں ایک فارم ہاؤز پر دھاوا کرتے ہوئے پولیس نے ریو پارٹی کو بے نقاب کردیا اور 18 افراد کو گرفتار کرتے ہوئے 2لڑکیوں کو آزاد کروایا ۔ گرفتار افراد میں انجنیئرنگ کالجس کے طلبہ پائے جاتے ہیں ۔ علاقہ جات مہدی پٹنم ، ٹولی چوکی ، گلشن کالونی ، مراد نگر ، سوریا نگر ، مانصاحب ٹینک ، ملے پلی ، آغاپورہ، لبرٹی ، ہمایوں نگر ، شاہ علی بنڈہ سے تعلق رکھتے ہیں ۔ یہ لوگ ایک ساتھی کی سالگرہ تقریب میں شرکت کیلئے یہاں ایم ایس آر قریشی فارم ہاؤز سی سیلم ہائی وے پر جمع ہوئے تھے ۔ یہ بات اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس ونستھلی پورم گاندھی نارائنا نے بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ ایک خفیہ اطلاع پر پولیس نے کارروائی کی اور اس کارروائی میں بالاپور ، پہاڑی شریف اور میر پیٹ پولیس شامل تھے ۔ پولیس نے اس فارم ہاؤز سے 18نوجوانوں کو گرفتار کرلیا اور 2 لڑکیوں کو آزاد کروایا ۔ پولیس نے اس فارم ہاؤز سے گانجہ ، حقہ کے آلات ، چار موٹر کاروں اور 2موٹر سیکلوں کے علاوہ فونس اور 200 گرام گانجہ ضبط کرلیا ۔ اے سی پی نے بتایا کہ یہ لوگ گانجہ حقہ میں استعمال کرنے کی تیاری کررہے تھے اور کئی افراد شراب کے نشہ میں پائے گئے ۔