پیرس، 31 مئی (آئی اے این ایس) فرانسیسی فٹبال کلب پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) کی یوئیفا چمپئنز لیگ فائنل میں کامیابی کے بعد فرانس بھر میں ہونے والی جشن کی تقریبات کے دوران پولیس نے 400 سے زائد افرادکوگرفتارکیا۔مقامی میڈیا کے مطابق پی ایس جی نے ہنگری کے شہر بوڈاپیسٹ میں کھیلے گئے فائنل میں آرسنل کو پنالٹی شوٹ آؤٹ پر 4-3 سے شکست دے کر مسلسل دوسری مرتبہ چمپئنز لیگ کا خطاب اپنے نام کیا، جس کے بعد پیرس سمیت ملک کے مختلف حصوں میں شاندار جشن منایا گیا۔ فرانسیسی اخبار لوموند کے مطابق ہفتہ کی رات تقریباً ساڑھے دس بجے پیرس کے مشہور شانزے لیزے علاقے میں 20 ہزار سے زائد شائقین جشن منا رہے تھے، جبکہ پولیس ہجوم کو قابو میں رکھنے کے لیے بڑے پیمانے پر کارروائیاں کر رہی تھی۔جشن کے دوران ایک پولیس عہدیدار زخمی ہوا، مرکزی شاہراہ کے قریب ایک کیوسک کو آگ لگا دی گئی جبکہ کم ازکم چھ گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ بعد ازاں فائر بریگیڈ نے آگ پر قابو پایا۔
سینٹ جرمین پھر چمپئن
پیرس، 31 مئی (ایجنسیز) یوایفا چمپیئنز لیگ کا خطاب پیرس سینٹ جرمین نے جیت لیا، میچ کا فیصلہ پنلٹی شوٹ آوٹ پر ہوا، مقررہ وقت اور اضافی وقت تک مقابلہ 1-1 گول سے برابر تھا۔آرسنل کی جانب سے میچ کے چھٹے منٹ میں لوکاس ہاروٹز نے گول کیا، دوسرے ہاف میں پی ایس جی کے ڈیبیلے نے گول کرکے میچ برابر کیا۔ اضافی وقت میں کوئی ٹیم گول نہ کرسکی، مقابلہ برابر رہا جس کے بعد پی ایس جی نے پنلٹی شوٹ آوٹ پر 3-4 سے کامیابی حاصل کی۔ واضح رہے کہ پیرس سینٹ جرمین نے مسلسل دوسری بار چمپیئنز لیگ خطاب جیتا ہے، گزشتہ سال اس نے فائنل میں انٹر میلان کو شکست دی تھی۔