فروری بھی بالی ووڈ کیلئے مایوس کن رہے گا

   

حیدرآباد ۔ سال 2023 کو بالی ووڈ کا سب سے خوشگوار سال قرار دیا جا رہا ہے۔ اس سال بہت کچھ ہوا جو نہ صرف بالی ووڈ انڈسٹری کے لیے خوشیاں لے کر آیا بلکہ ملک بھرکے لوگوں کے لیے تفریح کا باعث بھی بنا۔ سال 2023 کے آغاز میں ریلیز ہونے والی شاہ رخ خان کی فلم پٹھان نے باکس آفس پر کمال کیا تھا لیکن سال2024 اتنے بڑے دھماکے کے ساتھ شروع نہیں ہوا۔ درحقیقت اب ایسا لگتا ہے کہ فروری کا مہینہ بھی بالی ووڈ کے لیے کوئی بڑی خوشخبری نہیں لے کر آرہا ہے۔ کیونکہ اس ماہ بالی ووڈ کی کوئی بھی فلم ایسی نہیں ہے جس کا بجٹ بہت بڑا ہو۔سال 2024 کا آغاز بالی ووڈ کے مقابلے جنوبی فلموں کے لیے زیادہ زبردست رہا ہے۔ جنوری کے مہینے میں گنٹور کرم اور ہنومان جیسی فلموں نے شائقین کا دل جیت لیا۔ دونوں فلموں کے مجموعے اس حقیقت کی گواہی دیتے ہیں۔ ایک طرف مہیش بابو کی فلم گنٹور کرم نے دنیا بھر میں 250 کروڑ سے زائد کی کمائی کی ہے تو دوسری جانب تیجا سجا کی ہنومان کی بات کریں تو اس فلم نے بھی باکس آفس پر250 کروڑ سے زائد کی کمائی کی ہے، جب کہ یہ فلم مہیش بابو کی فلم بعد میں ریلیز ہوئی ہے۔ فروری 2024 میں کوئی بڑے بجٹ یا بڑی اسٹارکاسٹ والی بالی ووڈ فلم نہیں آرہی ہے لیکن جنوری کی طرح سال 2024 کے دوسرے مہینے میں بھی جنوب کا غلبہ ہونے والا ہے۔ جنوب کے سب سے بڑے سوپر اسٹار رجنی کانت کی فلم لال سلام فروری میں ریلیز ہونے جارہی ہے۔ اس فلم میں رجنی کانت کا کردار شائقین سال 2023 سے دیکھنے کے لیے بے تاب ہیں۔ اس کے علاوہ روی تیجاکی فلم ایگل 9 فروری 2024 کو آرہی ہے۔ اس سے پہلے یہ فلم جنوری میں ریلیز ہونی تھی جسے بعد میں 9 فروری تک ملتوی کردیاگیا۔