گروپ بندی سے دور رہیں ، سنگاریڈی میں کانگریس کمیٹی کا اجلاس ، کارکنوں کو مشورہ
سنگاریڈی ۔21 اپریل ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) دامودھر راج نرسمہا ریاستی وزیر صحت نے کہا کہ گورنمنٹ میڈیکل کالج سنگاریڈی میں پی جی کورسیس کی منظوری اور سنگور پراجیکٹ کو سیاحتی مرکز کے طور ترقی دینے کا منصوبہ حکومت کے زیر غور ہے ۔ انھوں نے سنگاریڈی میں ضلع کانگریس کمیٹی کے اجلاس کو مخاطب کرتے ہوئے یہ بات بتائی۔ ضلع کانگریس کمیٹی کا اجلاس نرملا جگاریڈی صدر ضلع کانگریس و چیرمین ٹی جی آئی آئی سی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ دامودر راج نرسِمہا ریاستی وزیر صحت نے کہا کہ حکومت اور پارٹی کے درمیان بہتر تال میل کے ذریعہ ہی کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے۔ حالیہ سرپنچ اور بلدی انتخابات میں کانگریس پارٹی نے بہترین کامیابی حاصل کی ہے تاہم ضلع میں قائدین کے درمیان مزید ہم آہنگی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کارکنان پر زور دیا کہ وہ حکومت کی فلاحی اسکیمات کو گھر گھر پہنچائیں اور ضلع پریشد و منڈل پریشد انتخابات کیلئے ابھی سے سرگرم ہوجائیں۔ پارٹی میں گروہ بندی سے نقصان ہوتا ہے چنانچہ اس سے اجتناب ضروری ہے۔ اختلافِ رائے فطری ہے لیکن اسے پارٹی مفاد کے خلاف استعمال نہیں ہونا چاہئے۔ انھوں نے بتایا کہ کانگریس حکومت نے اب تک تقریباً 70 ہزار سرکاری ملازمتیں فراہم کی ہیں جن میں محکمہ صحت میں 20 ہزار تقررات شامل ہیں۔ رعیتو بندھو اسکیم کے تحت کسانوں کو مالی امداد فراہم کی جارہی ہے جبکہ اندرامّاں مکانات اسکیم، خواتین کی طبی جانچ اور ڈیجیٹل ہیلتھ کارڈ جیسے اقدامات بھی جاری ہیں۔ظہیرآباد اور نارائن کھیڑ کے ہسپتالوں میں مزید 50 بستروں کی فراہمی اور سنگاریڈی میڈیکل کالج میں مستقبل میں پی جی سنٹر کے قیام کا اعلان کیا۔ سنگور پراجکٹ کو سیاحتی مرکز کے طور پر 200 کروڑ روپئے سے ترقی دینے کا بھی عندیہ دیا۔ نرملا جگا ریڈی صدر ضلع کانگریس و چیرمین ٹی جی آئی آئی سی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پارٹی کو اپنی کارکردگی، خامیوں اور آئندہ حکمت عملی پر سنجیدگی سے غور کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ایم پی ٹی سی و زیڈ پی ٹی سی انتخابات میں کامیابی کیلئے بہتر منصوبہ بندی اور کارکنان کی فعال شمولیت ضروری ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ خواتین بل کے معاملہ میں بی جے پی نے سازش کی ہے اور اس حقیقت کو عوام تک پہنچانا پارٹی کی ذمہ داری ہے۔رکن پارلیمنٹ ظہیرآباد سریش شیٹکار نے کہا کہ حالیہ سرپنچ انتخابات میں کانگریس کے 70 فیصد امیدوار کامیاب ہوئے جو پارٹی کی مقبولیت کا ثبوت ہے۔ انہوں نے قائدین سے اپیل کی کہ وہ باہمی تال میل کے ساتھ کام کریں اور آئندہ انتخابات میں بھی کامیابی کو یقینی بنائیں۔ میدک پارلیمانی امیدوار نیلم مدھو نے کہا کہ حکومت کی اسکیمات کو مزید مؤثر انداز میں عوام تک پہنچایا جائے اور ذات پر مبنی اعداد و شمار کے مطابق تمام طبقات کو مناسب نمائندگی دی جائے۔اجلاس میں سابق زیڈ پی چیئرپرسن سنیتا پاٹل، پی سی سی قائدین، کونسلرس، سرپنچ، بلاک، منڈل کانگریس صدور اور ضلع کانگریس کے دیگر اہم قائدین و کارکنان شریک تھے۔