میدک 17 اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) عوامی حکمرانی ترقیاتی منصوبہ کے 99 روزہ پروگرام کے تحت ضلع میدک کے کلچرم منڈل پریشد پر منڈل سطحی اجلاس منعقد کیا گیا جس میں ضلع کلکٹر محترمہ پرتیما سنگھ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کرتے ہوئے پروگرام کا آغاز کیا۔ اس موقع پر انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوامی حکمرانی پروگرام کا بنیادی مقصد سرکاری اسکیموں کو ہر مستحق فرد تک پہنچانا ہے۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ دیہات کی سطح پر مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے فوری طور پر ان کا حل نکالنے کے لئے سنجیدہ اقدامات کریں۔انہوں نے عوامی نمائندوں اور سرپنچوں پر زور دیا کہ وہ دیہات کی ترقی میں فعال کردار ادا کرتے ہوئے ہر گھر تک سرکاری اسکیموں کی معلومات پہنچائیں۔بعد ازاں منڈل فیڈریشن کی رکن نے خواتین تنظیموں کے استحکام، خود روزگار کے مواقع میں اضافہ اور دیہی ترقی میں ان کے کردار پر روشنی ڈالی۔ اس پروگرام میں تحصیلدار سرینواس آچاری، ضلع تعلیمی محکمہ کی عہدیدار وجیہ، ایم پی ڈی او، رفیق النساء بیگم، سرپنچ ڈی شیکھر، مختلف محکمہ جات کے عہدیداران، عوامی نمائندے، دیہات کے عوام اور خواتین تنظیموں کے ارکان نے شرکت کی۔