’’فلسطین مسئلے پر اقوام متحدہ کی ساکھ خطرے میں ‘‘

   

نیویارک : اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر عبداللہ شاہد نے کہا ہے کہ اسرائیل اور فلسطین تنازعے میں مشرق وسطیٰ کی سکیورٹی کے علاہ بھی بہت کچھ خطرے میں ہے۔عرب نیوز کے مطابق جنرل اسمبلی کے صدر نے خبردار کیا ہے کہ عالمی برادری کی ساکھ اور اقوام متحدہ کے نظریے کے مطابق عالمی تنازعات نمٹانے کے لیے مل کر کام کرنے کی صلاحیت کو بھی خطرہ لاحق ہے۔انہوں نے تمام رکن ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل اور فلسطین تنازعے کا حل عالمی انسانی حقوق، انسانی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی بنیاد پر نکالنے کی کوشش کریں۔’ہمیں اس عظیم ادارے کی ساکھ کو قائم رکھنا ہوگا، مثبت بحث اور متعلقہ فریقین کے درمیان رابطوں کے لیے زور دینا ہوگا۔‘فلسطین اور مشرق وسطیٰ میں صورت حال سے متعلق چہارشنبہ کو جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب میں صدر عبداللہ شاہد نے کہا کہ اس معاملے پر گذشتہ سال سے اب تک کسی خاطر خواہ پیش رفت کا نہ ہونا مایوس کن ہے۔انہوں نے کہا کہ فلسطین اور اسرائیل کے درمیان جاری تنازعہ کے اثرات باقی خطے پر بھی پڑتے ہیں جس سے علاقے کا استحکام خطرے میں پڑ جاتا ہے۔جنرل اسمبلی کے صدر عبداللہ شاہد کا کہنا تھا کہ جب تک فلسطینی عوام کو ریاست کے حق سے محروم رکھا جائے گا، جب تک فلسطینیوں کی سرزمین پر غیر قانونی آبادیاں تعمیر ہوتی رہیں گی، جب تک فلسطینی خاندان تشدد اور ناانصافی کی وجہ سے اپنے گھر چھوڑتے رہیں گے، اور گھروں کو واپس نہیں لوٹ سکیں گے تو غصہ اور تلخیاں بڑھتی رہیں گی۔