فوڈ سیفٹی اور ڈرگس کنٹرول اداروں کا انضمام

   

تلنگانہ سیف کی تشکیل، غذاؤں اور ادویات کی سربراہی پر نظر
حیدرآباد۔ 16 اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے فوڈ سیفٹی اور ڈرگس کنٹرول اڈمنسٹریشن اداروں کو ضم کرتے ہوئے تلنگانہ اسٹانڈرس اتھاریٹی پر فوڈ اینڈ اسنشیل ڈرگس (TG SAFE) کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔ فوڈ اور ڈرگس سے متعلق قواعد پر عمل آوری کے لئے ایک ہی انتظامی اتھاریٹی کی تشکیل کے تحت یہ فیصلہ کیا گیا۔ حکومت نے 2005 آئی پی ایس بیاچ کے عہدیدار اویناش موہنتی کو کمشنر تلنگانہ سیف مقرر کیا ہے۔ وہ ڈرگس کنٹرول اڈمنسٹریشن کے ڈائرکٹر جنرل کے عہدہ پر فائز تھے۔ انہیں کمشنر فوڈ سیفٹی تلنگانہ کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ ہیلت سکریٹری کرسٹینا چنگٹو نے دونوں سرکاری اداروں کے انضمام کے احکامات جاری کئے۔ ریاست میں فوڈ بزنس آپریٹرس کی تعداد میں اضافے کے پیش نظر حکومت نے فوڈ سیفٹی قانون 2026 اور ڈرگس اینڈ کاسمیٹک قانون 1940 پر موثر عمل آوری کا فیصلہ کیا ہے تاکہ عوام کو غیر محفوظ، ملاوٹ شدہ اور نقلی غذاؤں اور ادویات سے محفوظ رکھا جائے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ دونوں محکمہ جات کا مقصد ایک ہی ہے جس کے ذریعہ عوامی صحت، صارفین کے حقوق کا تحفظ اور معیار کی برقراری کو یقینی بنایا جائے گا۔ نئے ادارے کے قیام کے ذریعہ غذاؤں اور ادویات کی سربراہی پر نظر رکھی جائے گی۔ انضمام سے دونوں اداروں کے اختیارات میں کوئی کمی نہیں آئے گی اور یہ فیصلہ محض انتظامی نوعیت کا ہے۔ دونوں علیحدہ قوانین کے تحت عہدیدار کارروائی کریں گے۔ تلنگانہ سیف کے تحت جن 6 اداروں کو شامل کیا گیا ہے ان میں ڈرگ اڈمنسٹریشن، فوڈ سیفٹی، انفورسمنٹ، لیگل اینڈ پراسیکیوشن اور لیباریٹری اینڈ اڈمنسٹریشن شامل ہیں۔ حکومت نے حیدرآباد کے کیور اربن ریجن کے تحت نئے ادارے کی کارکردگی کا فیصلہ کیا ہے۔ فوڈ سیفٹی ڈپارٹمنٹ اور ڈرگس کنٹرول اڈمنسٹریشن کے عہدیدار مشترکہ طور پر کام کریں گے۔ دونوں اداروں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے حکومت نے ریاستی سطح کی کمیٹی کی تشکیل کا فیصلہ کیا ہے۔ 1؍F