فہرست رائے دہندگان پر خصوصی نظر ثانی کیلئے تمام عہدیدار متحرک : کلکٹر

   

نرمل ۔ 17 جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کلکٹر نرمل بھویش مشرا آئی اے ایس نے آج اپنے چیمبر میں سینئر صحافی و اسٹاف روزنامہ سیاست سید جلیل ازہر سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ جاریہ ماہ کی 25 تاریخ سے شروع ہونے والی فہرست رائے دہندگان پر خصوصی نظرثانی کیلئے تمام عہدیداروں کو متحرک کیا گیا ہے۔ بوتھ لیول آفیسرس کے ساتھ بہتر تال میل کے ذریعہ اہل رائے دہندوں کے ناموں کو یقینی بنانے اور پوری شفافیت کے ساتھ رائے دہندوں کے ناموں کو فہرست میں شامل کیا جائے گا۔ عوام غیرضروری افواہوں پر توجہ نہ دیں۔ ہمار نام ووٹر لسٹ سے حذف کیا جارہا ہے۔ اس غلط فہمی کو دور کریں۔ اس سلسلے میں شعور بیداری اور سیاسی جماعتوں کے قائدین کا ایک اجلاس اس ماہ کی 22 تاریخ کو طلب کیا گیا ہے جس میں تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین کو شریک ہونے کی اطلاع دی جاچکی ہے۔ ضلع کلکٹر بھویش مشرا نے کہا کہ 2002ء کی ووٹر لسٹ گھر کے دادا، دادی یا نانا نانی کا نام شامل ہو تو اس دستاویز کو بھی تیار رکھیں۔ جب بوتھ لیول آفیسر گھر آئیں تو انہیں بالکل اطمینان سے اس دستاویز کو انہیں بتائیں کسی بھی اہل رائے دہندے کو خوف زدہ ہونے یا گھبرانے کی ضرورت نہیں۔ سیاسی قائدین کو بھی ہدایت دی جائے گی۔ اس سلسلے میں وہ عوام کی رہنمائی کریں۔ عہدیدار اپنی ذمہ داری کو پوری طرح سے نبھائیں گے۔ حق رائے دہی ہر شہری کا جمہوری حق ہے۔ عوام کو بھی چاہئے کہ اس ذمہ داری کو محسوس کرتے ہوئے اپنے تمام دستاویزات کو تیار رکھیں تاکہ بوتھ لیول آفیسر آپ سے رجوع ہوں تو انہیں تمام دستاویزات پیش کرتے ہوئے فہرست میں اپنا نام درج کروائیں۔