فیوچر فیسٹ :سعودی ۔ پاکستان ٹیک ہاؤس کی تشکیل

   

لاہور : پاکستان میں فیوچرفیسٹ کا انعقاد لاہور میں 6 تا 8 جنوری 2023ء کیا جارہا ہے۔ سعودی عرب کے پرنس فہد بن منصور السعود نے فیوچرفیسٹ کے تمام متعلقہ ذمہ داروں سے ورچول خطاب کے دوران اعلان کیا کہ اس فیسٹیول کے موقع پر سعودی ۔ پاکستان ٹیک ہاؤس کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے تاکہ بزنس کرنے میں آسانی کو بڑھاوا دیا جاسکے۔ پرنس فہد بڑی ٹیک کمپنی ILSA انٹرایکیٹیو کے شریک بانی ہے جسے سب سے پہلے 2009ء میں پاکستانی انٹرپرینر سلمان ناصر نے قائم کیا تھا۔ یہ پاکستان۔ سعودی ڈیجیٹل اشتراک میں کامیابی کی زبردست مثال ہے۔ پرنس فہد نے اعلان کیا کہ 100 ملین ریال کی پراجکٹ قدر کے ساتھ یہ کمپنی مزید 300 پراجکٹوں سے وابستہ ہوگی۔ یعنی پاکستان، سعودی عرب اور عالمی سطح پر زائد از 1000 جابس پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ فیوچرفیسٹ 2023ء کے موقع پر سعودی اسٹارٹ اپس اور وینچر سرمایہ داروں کے وفد کو پاکستانی کمپنیوں کے ذمہ داروں اور دیگر صنعتکاروں سے ملاقات اور مذاکرات کا موقع حاصل رہے گا۔ پرنس فہد نے اس موقع پر سعودی سلطنت کے ویژن 2030ء کے روڈ میاپ کو بھی اجاگر کیا جو خادم حرمین شریفین شاہ سلمان کی قیادت میں تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ فیوچرفیسٹ تین روزہ ایونٹ ہے جس میں زائد از 50 صنعتوں کے قائدین یکجا ہوں گے اور ایک دوسرے کے ساتھ اشتراک و تعاون کے مواقع کھوجیں گے۔