فیڈرل فرنٹ کیلئے ٹی آر ایس کی کوشش لاحاصل

   

کے سی آر پر رائے دہندوں کو گمراہ کرنے ڈاکٹر کے لکشمن کا الزام
حیدرآباد۔/27مارچ، ( پی ٹی آئی) وفاقی جماعتوں پر مشتمل فیڈرل فرنٹ تشکیل دینے کیلئے تلنگانہ راشٹرا سمیتی ( ٹی آر ایس ) کی کوششوں کو بی جے پی نے آج مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ مساعی بے سود ثابت ہوگی کیونکہ اس کو کوئی قبول نہیں کرے گا۔ بی جے پی کے قومی ترجمان جی وی ایل نرسمہا راؤ نے کہا کہ ’’ فیڈرل فرنٹ بالکل ناکام رہ گیا کیونکہ یہ دو تلگو ریاستوں ( تلنگانہ اور آندھرا پردیش سے آگے نہیں بڑھ سکتا ) اور اس کو کوئی قبول نہیں کریں گے‘‘ تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ گزشتہ چند ماہ سے علاقائی جماعتوں پر مشتمل ایک غیر بی جے پی و غیر کانگریس فرنٹ کے قیام کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ بی جے پی لیڈر نے مزید کہا کہ ’’ یہ محض رائے دہندوں کو گمراہ کرنے کی ایک کوشش کے سوائے اور کچھ نہیں ہے لیکن عوام کافی ہوشیار ہیں اور حقیقت کو سمجھتے ہوئے اس قسم کی کوششوں کا شکار نہیں بنیں گے۔‘‘