قابل استاذ ماسٹر ٹرینر سید فراز عبدالکریم کو نمایاں خدمات پر سرٹیفکیٹ کی حوالگی

   

نرمل۔ 16 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حیدرآباد گرامین نیو ٹو ڈے حیدرآباد کے این آر انسٹیٹیوٹ میں منعقدہ ریاستی سطح کی ورکشاپ میں ضلع نرمل خانہ پور منڈل کے موضع تسکاپور کے ایک قابل و تجربہ کار استاذ سید فراز عبدالکریم کو بطور ماسٹر ٹرینر منتخب کیا گیا۔ اطلاع کے مطابق جاریہ ماہ 11 تا 14 اگست تک منعقدہ اس ورکشاپ میں ریاست بھر سے منتخب اساتذہ نے شرکت کی۔ ڈیجیٹل لرننگ کے شعبہ میں نمایاں خدمات انجام دینے پر سید فراز عبدالکریم کو تربیت دینے والے اساتذہ کی جانب سے Certificate of Appreciation پیش کیا گیا۔ اس موقع پر عہدیداروں اور اساتذہ نے انہیں مبارکباد پیش کی۔ یہ سرٹیفکیٹ پی وی سری ہری ایڈیشنل اسٹیٹ پراجیکٹ ڈائریکٹر سماگرا شکنتا تلنگانہ کے ہاتھوں سرفراز عبدالکریم نے حاصل کیا۔ واضح رہے کہ سید سرفراز عبدالکریم خانہ پور کی معروف شخصیت مرحوم عبدالجبار خان کے نواسہ ہیں۔ قبل ازیں بھی مسٹر کریم نے بیسٹ منڈل ٹیچر کا ایوارڈ حاصل کیا تھا۔ اپنی قابلیت اور صلاحیتوں کے تناظر میں ان کی محکمہ تعلیمات میں ایک منفرد پہچان ہے۔ ان کی مقبولیت پر سابق وزیر جنگلات اے اندرا کرن ریڈی کے علاوہ سینئر کانگریس قائد انیس احمد خان،یوسف احمد خان ،عفنان احمد خان بزنسمین کے علاوہ سینئر صحافی و اسٹاف رپورٹر سید جلیل ازہر روزنامہ سیاست نے بھی انہیں دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا جبکہ مامڑہ منڈل کانگریس یوتھ پریسیڈنٹ شیخ شریف نے بھی عبدالکریم کو تعلیمی میدان میں نام روشن کرنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے مبارکباد پیش کی۔