قتل کے مجرم کی جیل میں ’ سالگرہ تقریب ‘ ۔ کیک کاٹا گیا ۔ بریانی سے تواضع

,

   

سیتامڑھی بہار میں جیل قوانین کی دھجیاں اڑا دی گئیں۔ سات جیل عہدیداروں کی معطلی کے احکام جاری

سیتامڑھی ( بہار ) ۔ یکم ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) جیل کے قوانین کی تضحیک کرتے ہوئے اور ان کا مذاق بناتے ہوئے بہار کی ایک جیل میں قتل کے ایک مجرم کو اپنی سالگرہ منانے کا پورا موقع فراہم کیا گیا ۔ اسے نہ صرف سالگرہ کا کیک فراہم کیا گیا بلکہ اس کے ساتھیوں اور دوسرے قیدیوں کو مٹن بریانی بھی پیش کی گئی ۔ دوسرے قیدی سالگرہ کے جشن کے مدعوئین میں شامل تھے ۔ کچھ لوگوں نے اس سارے جشن کو موبائیل فون کے کیمروں میں قید کرلیا اور بعد میں یہ منظر عام پر آئے ۔ ایک ویڈیو اس سلسلہ میں وائرل ہوگیا جس کے بعد جیل کے سات عہدیداروں کو معطل کردیا گیا ہے ۔ ایک نامعلوم ویڈیو میں پنٹو تیواری نامی مجرم جو دربھنگہ میں دو انجینئرس کے قتل کی پاداش میں عمر قید کی سزا کاٹ رہا ہے وہ دوسرے قیدیوں کے ساتھ مٹھائیاں بانٹتے ہوئے دکھائی دے رہا ہے ۔ قیدیوں نے اسے تحائف بھی پیش کئے اور اپنے موبائیل فون پر انہوں نے سیلفی بھی بنائی ۔ سیتامڑھی کے جیل سپرنٹنڈنٹ راجیش کمار رائے نے یہ بات بتائی ۔ کہا گیا ہے کہ جو لوگ اس جشن میں شریک ہوئے تھے جنہیں چاول اور مٹن کا سالن بھی پیش کیا گیا جبکہ کچھ قیدیوں نے اپنے جیبوں سے موبائیل فون نکالے اور تیواری کے ساتھ سیلفی بنوائی ۔ راجیش کمار رائے نے کہا کہ یہ جشن جیل کے قوانین کے خلاف منعقد ہوا ہے اور سارا معاملہ کو موبائیل فونس پر ریکارڈ کرلیا گیا ۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ یہاں موبائیل فون بھی بے تحاشہ استعمال کئے گئے جبکہ جیل میں موبائیل فون لیجانا بھی منع ہے ۔ پنٹو تیواری ماہر نشانہ باز اور مکیش پاٹھک گینگ سے تعلق رکھتا ہے ۔ اسکے سر پر پہلے 50 ہزار روپئے کا انعام تھا ۔ اسے تین سال قبل پٹنہ سے گرفتار کیا گیا ۔ یہ پتہ نہیں چل سکا کہ سالگرہ کب منائی گئی لیکن ہفتہ سے ویڈیو منطر عام پر آنا شروع ہوگیا ۔ اسکے بعد جیل حکام پریشان ہوگئے ۔ انسپکٹر جنرل پولیس محابس متھلیش مشرا نے آج سات جیل عہدیداروں کی معطلی کے احکام جاری کئے ۔