قدیم بس اسٹانڈ کو سٹی بس اسٹانڈ برقراررکھنے کا مطالبہ

   

کھمم میں اپوزیشن پارٹیوں کا احتجاج عروج پر

کھمم :پچھلے ایک ماہ سے کھمم کے قدیم آر ٹی سی بس اسٹانڈ کو سٹی بس اسٹانڈ بنانے کے مطالبہ کو لیکر سی پی یم ، سی پی آئی ، سی پی آئی ایم ایل ، کانگریس، ٹی ڈی پی ان سیاسی جماعتوں کی جانب سے قدیم آر ٹی سی بس اسٹانڈ کھمم کو اسی مقام پر برقرار رکھتے ہوئے سٹی بس اسٹانڈ میں تبدیل کرنے کے مطالبہ کے ساتھ کھمم شہر میں زبردست احتجاج جاری ہے۔ واضح رہے کہ آر ٹی سی جدید بس اسٹانڈ کھمم کے ین یس پی کیمپ میں وسیع و عریض اراضی پر تعمیر جاری ہے۔ جو چند دنوں میں جدید آر ٹی سی بس اسٹانڈ کا تعمیری کام مکمل ہوجائے گا۔ اپوزیشن جماعتوں کا یہ مطالبہ ہے کہ پچھلے 40سال سے آر ٹی سی کھمم بس اسٹانڈ جو قلب شہر میں واقع ہے بس اسٹانڈ کے چاروں طرف متوسط طبقہ اور غریب افراد جو ہزاروں کی تعداد میں کاروبار سے وابستہ ہیں۔ یہاں سے قدیم بس اسٹانڈ کو ہٹانے کی صورت میں ہزاروں افراد بیروز گار ہوجائیں گے۔ اپوزیشن جماعتوں کے قائدین نے پچھلے ایک ماہ سے تلنگانہ حکومت سے پرزور مطالبہ کررہے ہے کہ کھمم کے قدیم آر ٹی سی بس اسٹانڈ کو اسی مقام پر برقرار رکھتے ہوئے سٹی بس اسٹانڈ میں تبدیل کیا جائے۔ اسی کے ضمن میں آج کھمم شہر میں چھے مراکز قائم کرتے ہوئے عوامی بیالٹ قائم کئے گئے جس کے ذریعہ رائے دہی کروائی گئی۔ کل 2773ووٹ پول ہوئے جن میں سے 2723ووٹ قدیم بس اسٹانڈ کو برقرار رکھتے ہوئے سٹی بس اسٹانڈ میں تبدیل کرنے کیلئے تائید میں پول ہوئے۔ 10ووٹ ناکارہ، اور 40ووٹ مخالفت میں ڈالے گئے۔ عوامی بیالٹ رائے دہی مہم میں عوام نے جوش و خروش سے حصہ لیا۔ کھمم کے دانشوران ، ڈاکٹرس، وکلاء ، تاجرین نے رائے دہی میں حصہ لیا۔ ووٹوں کی گنتی الیکشن آفیسر کے حیثیت سے ڈاکٹر بھاروی کی نگرانی میں ہوئی۔ اس موقع پر اس احتجاج کی قیادت سی پی ایم قائد محترمہ افروز ثمینہ، کارپوریٹر 30ڈیویژن و سابق صدر نشین بلدیا کھمم کررہی ہے۔ اس موقع پر محترمہ افروز ثمینہ نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جمہوری ملک میں عوام کی رائے قابل احترام ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کھمم کے قدیم آر ٹی سی بس اسٹانڈ کو اسی مقام پر برقرار رکھتے ہوئے سٹی بس اسٹانڈ میں تبدیل کیا جائے۔ حکومت اگر ایسا نہیں کریگی تو مستقبل میں احتجاج میں شدت پیدا کی جائے گی اور ٹی آر یس پارٹی کی عوامی نمائندوں کا تعاقب بھی کیا جائیگا۔ اس موقع پر اپوزیشن جماعتوں کی قائدین نے کھمم کے سابق ایم پی و سابق مرکزی وزیر محترمہ رینوکا چودھری سے ملاقات کرتے ہوئے اس سلسلہ میں یادداشت بھی پیش کی۔