قرآن مجید کی درست تلاوت افضل ترین عبادت ہے: مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی

,

   

سوشل میڈیا ڈیسک آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی جانب سے سلسلہ ”تلاوت قرآن مع تجوید“ کا آغاز!

نئی دہلی، 07؍ جنوری (پریس ریلیز): قرآن مجید اللہ تعالیٰ کی وہ مقدس کتاب ہے جو جن و انس کی ہدایت و رہنمائی کے لیے نازل کی گئی ہے۔ اس کا پڑھنا باعث اجر و ثواب ہے اور اس پر عمل کرنا تقرب الی اللہ اور نجاتِ اخروی کا ذریعہ ہے۔ یہ قرآن باعث اجروثواب اسی وقت ہوگا کہ جب اس کی تلاوت آدابِ تلاوت کو ملحوظ رکھ کر کی جائے۔ مذکورہ خیالات کا اظہار آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے سکریٹری حضرت مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی صاحب مدظلہ نے کیا۔ مولانا نے فرمایا کہ قرآن مجید کے حقوق میں ایک اہم ترین اور اولین حق یہ ہے کہ صحت الفاظی اور ضروری قواعد تجوید کی رعایت کرتے ہوئے اس کی نہایت ادب، سلیقے اور ترتیل سے ٹھہر ٹھہر کر تلاوت کی جائے۔ کیونکہ اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید کو ترتیل و تجوید کی رعایت کے ساتھ نازل کیا ہے اور اسکی تلاوت بھی ترتیل و تجوید کی رعایت کرتے ہوئے اطمینان سے صاف صاف کرنے کا حکم دیا ہے۔ مولانا نے فرمایا کہ قرآن مجید تجوید کے ساتھ پڑھنا ضروری ہے، اکر کوئی تجوید کے بغیر پڑھتا ہے تو اس کے ثواب میں کمی ہوگی، اور لحن جلی کا ارتکاب کرے گا تو گناہ بھی ہوگا۔ مولانا رحمانی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے فرمایا کہ آج ہمارے معاشرے میں ترتیل و تجوید قرآن کا جو تصور ہمیں اسلام نے دیا ہے وہ ختم ہوتا جارہا ہے۔جبکہ مخارج کی عدمِ تصحیح کی صورت میں معنوی تبدیلی کا بھی امکان ہے اور یہ بڑی سنگین غلطی ہے۔ مولانا نے فرمایا کہ آج ضرورت ہیکہ ہم قرآن مجید کی تلاوت تجوید کو ملحوظ رکھتے ہوئے کریں جس کیلئے ہمیں قرآن کی صحیح تعلیم پر توجہ دینی چاہیے۔ مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی صاحب نے فرمایا کہ اسی ضرورت کے پیش نظر لوگوں میں تجوید کے ساتھ قرآن مجید کی تلاوت کا ذوق عام کرنے کیلئے 10؍ جنوری 2021 ء سے سوشل میڈیا ڈیسک آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی جانب سے بہترین تجوید کے ساتھ قرآن مجید کو خوبصورت آواز میں روزانہ صبح 8:30 بجے ڈیسک کے یوٹیوب چینل اور فیس بک پیج پر نشر کرنے کا سلسلہ شروع کیا جارہا ہے۔ مولانا نے فرمایا کہ یہ سلسلہ جہاں بڑوں کیلئے مفید ہوگا وہیں چھوٹے بچوں اور نونہالانِ ملت کیلئے بھی مفید ہوگا کہ وہ تلاوت سن کر اسے دوہرانے کی کوشش کریں گے اور اچھے لب و لہجے اور بہترین تجوید کے ساتھ پڑھنے کی کوشش کریں گے۔ مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی صاحب نے فرمایا کہ تلاوتِ کلام پاک ایک بڑی عبادت ہونے کے ساتھ ساتھ ایمان کو تروتازہ رکھنے کا مؤثر ترین ذریعہ ہے اور کسی معروف قاری و حافظ سے قرآن سننا مستحب عمل ہے، جسکے بڑے اچھے اثرات و نتائج ظاہر ہوتے ہیں۔ انہوں نے فرمایا کہ سوشل میڈیا ڈیسک آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے مخلص کارکن جناب نور الاسلام فاروقی نے تلاوت کلام پاک کے اس سلسلے کو ترتیب دینے میں نمایاں خدمت انجام دی ہے، لہٰذا امید کی جاتی ہیکہ اس منفرد سلسلہ ”تلاوت قرآن مع تجوید“ سے امت مسلمہ بھر پور فائدہ اٹھاتے ہوئے گھر بیٹھے قرآن مجید کو ترتیل و تجوید کے ساتھ پڑھنا سیکھے گی اور ثواب کا حق دار بنے گی۔