قرآن مجید مکمل ضابطہ حیات اور کتاب شفاء

   

حفاظ میسکو گریڈ ہائی اسکول کی دستار بندی ، مولانا نذیر الدین سبیلی کا خطاب
حیدرآباد۔ قرآن کریم اللہ کی آسمانی کتاب ‘ کتاب شفاء ہے۔ ایک مکمل ضابطہ حیات بھی ہے۔ اللہ کے محبوب خوش نصیب بندوں کو اپنے سینوں میں قرآن محفوظ کرنے کی سعادت حاصل ہوتی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے خود قرآن کریم میں ارشاد فرمایا ہے کہ ’’ہم نے قرآن کو یاد کرنے کے لئے آسان کردیا ہے‘ ہے کوئی یاد کرنے والا؟‘‘ یہی وجہ ہے کہ چھوٹے چھوٹے بچے اور بچیاں قرآن کریم کو بہ آسانی یاد کرلیتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مولانا حافظ نذیرالدین سبیلی بانی ناظم جامعہ عائشہ نسواں نے کیا۔ وہ آج مسیکو گریڈ ہائی اسکول ملک پیٹ کے تکمیل حفظ کرنے والے 8طلبہ کی تقریب دستار بندی تقریب سے مخاطب تھے۔ حافظ نذیرالدین سبیلی میسکو گریڈ اسکول کے شعبہ حفظ کے نگران ہیں۔ انہوں نے احادیث مبارکہ کے حوالے سے بتایا کہ قیامت کے دن حفاظ کے والدین کو ایسا تاج پہنایا جائے گا جو سورج سے زیادہ روشن ہوگا۔ اور جس کی قیمت ساری دنیا مل کر بھی ادا نہیں کرسکتی۔ حفظ کی تکمیل کرنے والوں میں تین طالبات اور پانچ طلباء ہیں۔ ڈاکٹر افتخارالدین ڈائرکٹر میسکو الیف نے شعبہ حفظ کی تفصیلات سے واقف کروایا۔ ڈاکٹر فخرالدین محمد نے تقریب کی نگرانی کی۔ اس تقریب میں انہوں نے حفاظ اور ان کے والدین کو مبارک باد پیش کی۔ عصری تعلیم کے ساتھ ساتھ انہوں نے قرآن مجید حفظ کرنے کی سعادت حاصل کی۔ اس طرح دین اور دنیا میں ان کی فلاح، کامیابی یقینی ہوگئی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زورد یا کہ حفظ قرآن کے ساتھ ساتھ ان کی تعلیمات پر عمل آوری اور اس کی تبلیغ و اشاعت ضروری ہے۔ جناب ایم اے صمد اور ایم اے عظیم بانی و چیرمین الحمد فائونڈیشن شہ نشین پر موجود تھے۔ حافظ و قاری نوراللہ کی قرأت کلام پاک سے آغاز ہوا۔ حافظ و قاری علیم الدین نے نعت شریف پیش کی۔ مولانا حافظ خواجہ حسن الدین صدر مدرس شعبہ حفظ میسکو گریڈ نے مختصر تعارف کروایا۔