قطب شاہی مسجد منی کنڈہ جاگیر میں عنقریب نماز کا آغاز

   

سڑک کی تعمیر و توسیع میں مسجد کے تحفظ پر زور، چیرمین وقف بورڈ کا مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں کیساتھ اجلاس
حیدرآباد : الحاج محمد سلیم چیرمین تلنگانہ ا سٹیٹ وقف بورڈ نے بتایا کہ قطب شاہی مسجد مارگرم چیرو منی کنڈہ جاگیر گنڈی پیٹ میں بہت جلد پنج وقتہ نماز کا آغاز کیا جائے گا ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ وقف بورڈ سے مسجد کی حصار بندی اور فینسنگ کی جائے گی ۔ اس سلسلہ میں انہوں نے جی ایچ ایم سی کے علاوہ پولیس کمشنر رچہ کنڈہ اور محکمہ ریونیو کو مکتوب ارسال کرتے ہوئے مسجد کے تحفظ پر زور دیا اور مکتوب میں بتایا کہ مسجد درج وقف جائیداد ہے جس کا متبادل کچھ نہیں ہوسکتا ۔ انہوں نے کہا کہ ایک مرتبہ درج اوقاف ہونے کے بعد اس کو تبدیل کرنے کی کوئی گنجائش نہیں ہے ۔ الحاج محمد سلیم نے مزید کہا کہ چیف منسٹر وقف جائیدادوں کے تحفظ کے لئے سنجیدہ ہیں۔ قبل ازیں انہوں نے آج اپنی صدارت میں مختلف محکمہ جات جیسے ریونیو ، پولیس اور محکمہ بلدیہ کے عہدیداروں کے ساتھ ایک جائزہ اجلاس منعقد کیا جس میں سڑک کی توسیع سے متصل قطب شاہی مسجد ما رگرم چیرو منی کنڈہ جاگیر مسجد کے تحفظ پر عہدیداروں کے ساتھ بات چیت کیا اور بتایا کہ مسجد ہذا سروے نمبر 82 گزٹ 6-A مورخہ 9-2-1989 میں درج اوقاف ہے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ 30 جولائی 2020 ء کو سڑک کی توسیع کے دوران جب مسجد کی نقصان پہنچنے کی اطلاع پر چیرمین خود دورہ کیا تھا اور اعتراض جتایا تھا ۔ اس ضمن میں انہوں نے یہ اجلاس طلب کیا ہے ۔ اجلاس میں شرکت کرنے والوں میں مسرس اے راج شیکھر تحصیلدار گنڈی پیٹ و رابندر پرساد نائک ، اڈیشنل کمشنر جی ایچ ایم سی ایس راملو انسپکٹر آف پولیس رائے درگم پولیس اسٹیشن ، رنگا ریڈی کلکٹوریٹ اسٹاف اور محمد قاسم چیف اگزیکیٹیو آفیسر وقف بورڈ اور وقف بورڈ کے عہدیدار شامل تھے۔