قلی قطب شاہ اسٹیڈیم میں آج شام احتجاجی مشاعرہ

,

   

عمران پرتاپ گڑھی مہمان خصوصی، متعدد سرکردہ شعراء بھی مدعو، عوام سے شرکت کی اپیل

حیدرآباد۔ 23فروری (سیاست نیوز) معروف انقلابی شاعر عمران پرتاپ گڑھی 24 فروری کو شہر حیدرآباد میں ’احتجاجی مشاعرہ‘ میں بہ حیثیت مہمان خصوصی شرکت کریں گے اور اس احتجاجی مشاعرہ کی۔ قلی قطب شاہ اسٹیڈیم میں شام 6بجے تا9 بجے رات منعقد ہونے جا رہے اس مشاعرہ میں جناب عمران پرتاپ گڑھی کے علاوہ شمالی و جنوبی ہند کے شعراء موجودہ حالات پر اپنے کلام سنائیں گے ۔ منتظمین کے مطابق اس احتجاجی مشاعرہ میں ملک کی کئی سرکردہ شخصیات کی شرکت کا امکان ہے ۔ شہری پولیس انتظامیہ کی جانب سے دی گئی اجازت کے مطابق اس احتجاجی مشاعرہ سے 6 شعراء کو ہی کلام سنانے یا تقریر کی اجازت حاصل ہے۔ عمران پرتاپ گڑھی جو کہ اپنی انقلابی نظموں اور غزلوں کے سبب گذشتہ چند برسوں کے دوران عالمی شہرت یافتہ شعراء کی فہرست میں شمار کئے جانے لگے ہیں اور گذشتہ دنوں حکومت اترپردیش کی جانب سے انہیں 1کروڑ 4لاکھ کی نوٹس جاری کئے جانے کے سبب وہ کافی چرچہ میں رہے۔ دفعہ 144کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شہریت ترمیم قانون اور این پی آر و این آر سی کے خلاف احتجاج میں شرکت کرنے کی پاداش میں اترپردیش پولیس نے انہیں 1کروڑ 4لاکھ روپئے کے جرمانہ کی نوٹس روانہ کی ہے۔ عمران پرتاپ گڑھی کو حکومت اتر پردیش کی جانب سے جاری کی جانے والی اس نوٹس کے بعد وہ پہلی مرتبہ کسی عوامی اسٹیج سے اپنے خیالات کا اظہارکریں گے اسی لئے عوام میں ان کی آمد پر بے انتہاء جوش و خروش پایا جا رہا ہے۔جناب خواجہ بلال سابق کارپوریٹر آرگنائزر ‘ جناب الحاج سید سلیم صدر رضائے الہی فاؤنڈیشن نے عوام سے اپیل کی کہ وہ 6بجے سے قبل قلی قطب شاہ اسٹیڈیم پہنچ جائیںتاکہ وقت پر مشاعرہ کا آغاز کیا جاسکے۔ جناب محمد غوث سابق کارپوریٹر نے بتایا کہ شرکاء کے لئے پارکنگ کا انتظام سٹی کالج میں رکھا گیا ہے۔مشاعرہ کے دوران کئی ایک سرکردہ قائدین کی موجودگی کی بھی اطلاعات ہیں اور کہا جار ہا ہے کہ اس مشاعرہ سے قومی سطح کے بعض قائدین بھی مخاطب کریں گے۔