لاپتہ روڈی شیٹرس حبیب نگر پولیس کے سپرد

   

ٹاسک فورس کا اقدام ۔ پولیس ‘دونوں کو شہر بدر کرنے کوشاں
حیدرآباد 29 جون ( سیاست نیوز ) : حبیب نگر سے پر اسرار لاپتہ دو روڈی شیٹرز کا پتہ چل گیا ہے ۔ یہ دونوں ٹاسک فورس کی تحویل میں تھے اور اب انہیں حبیب نگر پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے ۔ کل رات ان روڈی شیٹرز کے رشتہ داروں اور اہلیان محلہ نے حبیب نگر پولیس اسٹیشن پر ہنگامہ آرائی کرکے کلیم اور سمیر کے متعلق دریافت کیاتھا ۔ اطلاع کے مطابق آج شام ٹاسک فورس نے دونوں روڈی شیٹرز کو ہتھیار کے ساتھ حبیب نگر پولیس کے حوالے کردیا اور اب ان کے افراد خاندان کو دھمکایا جارہا ہے ۔ سمیر اور کلیم کے والدین کا الزام ہے کہ پولیس نے ان کی زندگی تباہ کردینے کی دھمکی ہے ۔ بعد ازاں ڈی سی پی ویسٹ زون مسٹر اے آر سرینواس جو آج حبیب نگر پولیس اسٹیشن پہونچے تھے کہا کہ پولیس اسٹیشن پر ہنگامہ آرائی کرنے والوں کے خلاف کاروائی کی جائیگی ۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں 15 سال سے مجرمانہ ریکارڈ رکھتے ہیں ۔ دو مرتبہ پی ڈی ایکٹ کا سامنا کرچکے ہیں ۔ اب پولیس کی جانب سے انہیں شہر بدر کرنے اقدامات کئے جائیں گے ۔ ان کی سرگرمیوں سے عوام تنگ ہیں ۔ تاہم اگر ٹاسک فورس انہیں حراست میں لینے کی اطلاع دے چکی ہوتی تو اس طرح کی ہنگامہ آرائی نہیں ہوتی اور ان کے افراد خاندان میں ان کی سلامتی کی فکر تشویش ناک حد تک نہیں پہونچتی ۔ کل رات بگڑتے حالات پر اے سی پی پنجہ گٹہ مسٹر تروپتنا نے بڑی مستعدی سے قابو پایا تھا ۔ بتایا جاتا ہے کہ پولیس اسٹیشن میں مبینہ توڑ پھوڑ اور ہنگامہ آرائی کے خلاف مختلف دفعات کے تحت دو علحدہ مقدمات درج کرلیے گئے ہیں اور ان کی شناخت جاری ہے ۔