لاپتہ لڑکی کی نعش دستیاب یادادری علاقہ میں کشیدگی

   

حیدرآباد /26 اپریل ( سیاست نیوز ) رچہ کنڈہ کے علاقہ یادادری میں آج اس وقت کشیدگی پیدا ہوگئی جب پولیس کو لاپتہ لڑکی کی نعش دستیاب ہوئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ لڑکی گذشتہ روز اسکول سے لاپتہ ہوگئی تھی ۔ اس لڑکی کی نعش کی دستیابی کے بعد آج بوملارامارم میں کشیدگی پیدا ہوگئی ۔ مقامی حاجی پور علاقہ کے عوام نے واقعہ پر برہمی ظاہر کی اور خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ مقامی عوام نے پولیس پر بھی پتھراؤ کیا ۔ اس واقعہ میں پولیس کی گاڑیوں کو نقصان پہونچا تاہم اس بات کی تصدیق نہیں ہوپائی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ 14 سالہ شراونی جو بوملارامارم علاقہ کے ساکن نرسہملو کی بیٹی تھی 9 ویں جماعت کی طالبہ تھی ۔ آئندہ سال 10 ویں جماعت کی پیش نظر لڑکی اسپیشل کلاسیس میں شرکت کر رہی تھی ۔ گذشتہ روز اسکول گئی لڑکی واپس نہیں ہوٹی جس کے بعد والدین نے پولیس میں شکایت درج کروائی تھی اور پولیس نے اس کی تلاش کیلئے خصوصی ٹیموں کو تشکیل دیاتھا ۔ تاہم آج اس لڑکی کی نعش دستیاب ہونے کے بعد پولیس نے شبہ ظاہر کیا کہ لڑکی کی عصمت ریزی کے بعد قتل کردیا گیا ہو ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔