نظام آباد۔ 7 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کمر پلی گاؤں سے لاپتہ ہونے والے 15 سالہ لڑکے کو کمر پلی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے چند ہی گھنٹوں میں آرمور کے امبیڈکر چوراہے سے بحفاظت بازیاب کرلیا اور بعد ازاں اسے والدین کے حوالے کردیا۔ سب انسپکٹر کمر پلی ستیش نے بتایا کہ کمر پلی کے رہنے والے ٹیکو کرشنا پرساد، ولد ستیش، جمعرات کی صبح گھر سے باہر گیا تھا، لیکن واپس نہیں لوٹا۔ تشویش میں مبتلا والدین نے کمر پلی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی۔ پولیس نے فوری طور پر مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا۔ کمر پلی سب انسپکٹر سی ایچ ستیش نے کانسٹیبل نریش، دنیش اور ہریش کے ہمراہ مختلف مقامات پر تلاش شروع کی اور سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کا باریک بینی سے جائزہ لیتے ہوئے لڑکے کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا۔ پولیس کی فوری اور مؤثر کارروائی کے نتیجے میں چند گھنٹوں کے اندر لڑکے کی موجودگی آرمور کے امبیڈکر چوراہے پر معلوم ہوئی، جہاں سے اسے بحفاظت پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا۔ بعد ازاں والدین کی موجودگی میں لڑکے کو بحفاظت ان کے حوالے کردیا گیا۔ بچے کی فوری بازیابی پر اس کے والدین اور مقامی عوام نے کمر پلی پولیس، بالخصوص سب انسپکٹر سی ایچ ستیش اور پولیس عملے سے اظہارِ تشکر کیا۔ پولیس کی جانب سے جدید ٹیکنالوجی اور سی سی ٹی وی کیمروں کا مؤثر استعمال کرتے ہوئے کم سے کم وقت میں لاپتہ بچے کو تلاش کرنے پر نظام آباد پولیس کمشنر پی سائی چیتنیا نے سب انسپکٹر سی ایچ ستیش کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی۔