لاہور: داتا دربار کے باہر خودکش حملہ،10 افراد جاں بحق ، 25 زخمی

,

   

حملہ میں پولیس فورس کو نشانہ بنائے جانے کی توثیق
لاہور۔ 8 مئی (سیاست ڈاٹ کام) داتا دربار کے باہر ایلیٹ فورس کی گاڑی کے قریب خودکش حملے کے نتیجے میں 3 اہلکاروں سمیت 10 افراد شہید اور 25 زخمی ہوگئے۔داتا دربار کے گیٹ نمبر 2 کے باہر ایلیٹ فورس کی گاڑی کے قریب زور دار دھماکہ ہوا، دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار موقع پر پہنچے اور علاقے کو کا محاصرہ کرتے ہوئے زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے قریبی میو اسپتال منتقل کیا گیا۔ دھماکے کے بعد میو اور جنرل اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے فوری طور پر ڈاکٹروں اور اضافی عملے کو طلب کرلیا گیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز محمد اشفاق کے مطابق ایلیٹ فورس کے اہلکار داتا دربار کے گیٹ نمبر 2 پر فرائض انجام دے رہے تھے جنہیں 8:45 بجے پر نشانہ بنایا گیا۔آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان اور ڈپٹی کمشنر لاہور صالح سعید نے تصدیق کی کہ دھماکا خودکش حملہ تھا جس کا ہدف ایلیٹ فورس کے اہلکار تھے۔آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان جائے وقوعہ پر پہنچے اور میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ خودکش حملے میں پولیس کو نشانہ بنایا گیا جس میں ایلیٹ فورس کے 3 جوانوں سمیت 10 افراد شہید ہوئے۔آئی جی پنجاب نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس پر حملہ دہشت گردوں کی بوکھلاہٹ کی علامت ہے، حملے میں ملوث عناصر کو جلد کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔

آئی جی پنجاب نے سی سی پی او لاہور سمیت تمام آر پی اوز کو سیکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ تمام سینئر افسران فیلڈ میں جا کر حساس مقامات اور اہم عمارات کی سیکیورٹی کا خود جائزہ لیں۔وزیراعلیٰ نے دھماکے میں قیمتی جانوں کے اتلاف پر دکھ کا اظہار کیا اور زخمیوں کے علاج معالجے کی بہترین سہولیات کی فراہمی کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ نے واقعے کے بعد بھکر، سرگودھا اور شیخوپورہ کے دورے منسوخ کرتے ہوئے امن و امان سے متعلق ہنگامی اجلاس طلب کرلیا۔ پنجاب پولیس کے انسپکٹر جنرل کیپٹن (رٹائرڈ) عارف نواز خان نے حملہ میں پولیس فورس کو نشانہ بنائے جانے کی تصدیق کی اور بتایا کہ دھماکے میں 3پولیس اہلکار بھی مارے گئے ہیں۔ زخمیوں میں کم از کم 25 افراد کا مختلف دواخانوں میں علاج چل رہا ہے جن میں سے کچھ کی حالت نازک بتائی جارہی۔ یہ دھماکے گیٹ نمبر دو کے باہر صبح 8:45 بجے ہوا۔ واضح رہے کہ 11 ویں صدی میں تعمیر داتا دربار کو 2010 میں بھی ایک خود کش حملے میں نشانہ بنایا گیا تھاجس میں 40 افراد ہلاک ہوئے تھے۔