لیہہ، 14 ستمبر (یو این آئی) مرکز کے زیر انتظام علاقہ لداخ کے ضلع لیہہ میں اتوار کی صبح زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے تاہم کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 3.7 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی زیر زمین گہرائی 10 کلو میٹر تھی۔نیشنل سینٹر فار سیسمالوجی کے مطالق لداخ کے لیہہ میں اتوار کی صبح 8 بجکر 24 منٹ پر زلزلہ آیا۔انہوں نے کہا کہ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 3.7 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی زیر زمین گہرائی 10 کلو میٹر تھی۔تاہم زلزلے سے کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔
آر جی کر میڈیکل کالج طالبہ کی مشتبہ موت، ساتھی گرفتار
کولکاتہ، 14 ستمبر (یو این آئی) کولکاتہ پولیس نے آر جی کر میڈیکل کالج کی طالبہ انندیتا سورین کی مشتبہ حالت میں موت کے معاملے میں کارروائی کی ہے ، پولیس نے ہفتہ کے روز متوفیہ کے ساتھی اجول سورین کو گرفتار کیا ہے ۔قابل ذکر ہے کہ جنوبی دیناج پور کے بَلورا گھاٹ کی رہنے والی 24 سالہ جونیئر ڈاکٹر انندیتا جمعہ کی شام مشتبہ حالات میں مردہ پائی گئی تھی۔ پولیس نے ابتدا میں زہر کھا کر خودکشی کا شبہ ظاہر کیا تھا، لیکن متوفیہ کے اہل خانہ کا کہنا تھا کہ اس کا قتل کیا گیا ہے ۔ پولیس نے ہفتہ کی شام اس کے دوست اجول سے پوچھ گچھ کے بعد اسے قتل کا مرکزی ملزم ہونے کے شبہ میں گرفتار کر لیا ہے ۔انندیتا کے رشتہ داروں کا کہنا تھا کہ انندیتا اور اجول نے پوری کے ایک مندر میں شادی کرلی تھی اور فی الحال انندیتا حاملہ بھی تھی۔