لنگر حوض سے گانجہ کی اسمگلنگ میں ملوث 6 افراد گرفتار۔ 44 کیلو گانجہ ضبط

   

آئندہ دنوں پرانے شہر کے قبرستانوں میں بھی مہم چلائی جائے گی ۔ کمشنر پولیس سی وی آنند کا بیان
حیدرآباد/17 اگسٹ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ کے انسداد منشیات کے بیورو نے لنگر حوض سے گانجہ کی اسمگلنگ میں ملوث 6 افراد کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے 44 کیلو گانجہ ضبط کرلیا۔ اس سلسلہ میں تفصیلات بتاتے ہوئے پولیس کمشنر سی وی آنند جو انسداد منشیات بیورو کے ڈائرکٹر بھی ہیں نے کہا کہ اس ٹولی کا سرغنہ وی ویرنا ہے جس کا تعلق ضلع محبوب آباد سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ویرنا ایس ایس سی میں ناکامی کے بعد بیروزگار تھا اور شہر منتقل ہوکر سکندرآباد رانی گنج کے ایچ ڈی ایف سی بینک میں کم تنخواہ پر ملازمت کی۔ اسی دوران اس نے ایک قریبی رشتہ تیجاور چندا جس کی عمر 70 سال ہے متوطن سوریا پیٹ تانڈہ جو پہلے ہی سے گانجہ کے کاروبار میں ملوث تھا۔ ویرنا نے اپنے رشتہ دار کی مدد کرکے 2018 میں بڑے پیمانے پر گانجہ کا کاروبار شروع کیا۔ وہ ملکھان گیری کے سوما راجو سے گانجہ حاصل کرکے نکلیش عرف ببلو کو گانجہ حوالے کرتا تھا۔ پولیس کمشنر نے بتایا کہ ویرنا یہ کاروبار بڑی چالاکی سے کررہا تھا ۔ پولیس کی تلاشی سے بچنے وہ قیمتی کاروں کے دروازوں اور ڈکی میں خصوصی جگہ بناکر گانجہ چھپایا کرتا تھا۔ گاڑی پر ڈپٹی تحصیلدار کا اسٹیکر چسپاں کرکے ٹول گیٹس پر پولیس سائرن کا استعمال کرکے گانجہ کی اسمگلنگ کیا کرتا تھا۔ سی وی آنند نے کہا کہ ویرنا نے پولیس کا فرضی شناختی کارڈ بھی بنایا تھا اور اس کی مدد سے وہ ٹول گیٹس عملے کو خوفزدہ کرتا تھا۔ پولیس نے ویرنا کے علاوہ ایل بی نگر کے محمد جہانگیر، ٹی پرشانت نائیک جو تلنگانہ اسپیشل پولیس کانسٹبل ہے، ایم مدھو، ایس منوج، اجمیرا ویرنا کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے 44 کیلو گانجہ، 4 قیمتی کاریں، 12 لاکھ رقم ، جملہ ایک کروڑ مالیتی اشیاء برآمد کرلیا۔ انہوں نے کہا کہ انسداد منشیات کے خصوصی بیورو کی یہ پہلی کارروائی ہے جس نے بھاری منشیات پکڑے ہیں۔ پولیس کمشنر نے بتایا کہ انسداد منشیات بیورو تلنگانہ کے مختلف علاقوں میں منشیات کے استعمال کے خلاف مہم جاری رکھے ہوئے ہے اور اسی دوران انہیں معلوم ہوا ہے کہ پرانے شہر میں گانجہ کا استعمال کثرت سے کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اطلاع ہے کہ پرانے شہر کے بعض قبرستانوں میں جہاں کم روشنی ہوتی ہے گانجہ کا استعمال کیا جارہا ہے۔ آئندہ دنوں پولیس اس پر کارروائی کریگی اور گانجہ کے کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ب