لون ایپ کیس میں مزید دو افراد گرفتار

   

ملزمین سے لیاپ ٹاپ ، موبائیل فونس اور دیگر اشیاء ضبط
حیدرآباد۔/9 مارچ، ( سیاست نیوز) سنٹرل کرائم اسٹیشن کی سائبر کرائم پولیس نے لون ایپ کیس کے سلسلہ میں مزید دو افراد کو گرفتار کیا ہے۔ ڈسمبر 2021 میں سی سی ایس پولیس نے لون ایپ کے نام پر کروڑہا روپئے کی دھوکہ دہی کے معاملہ پر ایک مقدمہ درج کیا تھا اور کئی ملزمین کو بھی گرفتار کیا جاچکا ہے۔ جوائنٹ کمشنر آف پولیس سی سی ایس ڈاکٹر گجا راؤ بھوپال نے کہا کہ اس لون ایپ دھوکہ دہی کے پس پردہ چینی باشندہ چن چوپنگ ہے جو گولڈن بیاگ ٹکنالوجی پرائیویٹ لمیٹیڈ بنگلور کے نام پر ادارہ چلا رہا تھا۔ بنگلور سے تعلق رکھنے والا شبیر عالم اسکائی لنکس ٹکنالوجی پرائیویٹ لمیٹیڈ کے ڈائرکٹر کی حیثیت سے کام کرتا تھا اور اسی کمپنی میں اوما کانت یادو متوطن اتر پردیش بھی اس کا ایڈیشنل ڈائرکٹر تھا حالانکہ لون ایپ معاملہ طول پکڑنے پر چینی باشندہ ہندوستان سے فرار ہوگیا تھا لیکن اپنے ماتحتین کو اس سلسلہ میں کاروبار جاری رکھنے کی ہدایت دیا تھا جو کال سنٹر کے بہانے عوام کو دھمکاتے ہوئے اور دھوکہ دہی کے ذریعہ ہراساں کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف ایپس کی شکل میں گوگل پلے اسٹور پر آسانی سے قرض فراہم کئے جانے والے ایپس کی آڑ میں چینی باشندہ کام کررہا تھا اور اس کے ذریعہ کروڑہا روپئے کی دھوکہ دہی میں ملوث رہا۔ گرفتار افراد کے قبضہ سے 63 لیاپ ٹاپس، 19 موبائیل فونس اور دیگر اشیاء برآمد کرتے ہوئے انہیں نامپلی کریمنل کورٹ میں پیش کیا گیا ہے۔ب