لوک سبھا انتخابات سے قبل عآپ کے مزید چار لیڈروں کو گرفتار کیا جائے گا: آتشی

   

نئی دہلی: عام آدمی پارٹی (عآپ) کی لیڈر اور دہلی کی وزیر تعلیم آتشی نے دعویٰ کیا کہ لوک سبھا انتخابات سے قبل ای ڈی خود انہیں، سوربھ بھاردواج، درگیش پاٹھک اور راگھو چڈھا کو گرفتار کرے گی۔دہلی کابینہ کی وزیر آتشی نے آج یہاں دعویٰ کیا کہ بی جے پی نے انہیں بی جے پی میں شامل ہونے کا پیغام بھیجا ہے ۔ انہیں کہا گیا کہ وہ بی جے پی میں شامل ہو کر اپنا سیاسی کریئر بچائیں۔ اگر ایسا نہیں ہوا تو انہیں ای ڈی آئندہ مہینے میں گرفتار کر لے گی۔ ان کے دعوے کے مطابق ان کے ایک قریبی شخص نے کہا کہ وزیر اعظم مودی اور بی جے پی نے ذہن بنا لیا کہ وہ عام آدمی پارٹی اور اس کے تمام لیڈروں کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پہلے AAP کے تمام سرکردہ لیڈروں کو گرفتار کیا گیا ہے ۔ اب بی جے پی لوک سبھا انتخابات سے پہلے عام آدمی پارٹی کے مزید چار لیڈروں کو گرفتار کروانے جا رہی ہے ۔ ان میں وہ خود، سوربھ بھاردواج، درگیش پاٹھک اور راگھو چڈھا شامل ہیں۔ آتشی نے کہا کہ بی جے پی کو توقع تھی کہ کجریوال کی گرفتاری کے بعد عام آدمی پارٹی ٹوٹ جائے گی اور اس کا حوصلہ ٹوٹ جائے گا۔