لوک سبھا چناؤ میں کانگریس امیدواروں کو سی پی آئی کی مکمل تائید

   

اتم کمار ریڈی نے سی پی آئی اجلاس میں شرکت کی، فرقہ پرست سیاست سے ملک کو نجات دلانے کا عزم
حیدرآباد ۔ 3 ۔ مئی (سیاست نیوز) ریاستی وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات میں کانگریس اور سی پی آئی اتحاد کو عوام کی بھرپور تائید حاصل ہوئی ہے۔ اتم کمار ریڈی نے نلگنڈہ لوک سبھا حلقہ سے کانگریس امیدوار رگھو ویر ریڈی کے حق میں سی پی آئی کی تائید حاصل کرنے کیلئے سی پی آئی ضلع کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی ۔ اتم کمار ریڈی نے ریاست بھر میں کانگریس امیدواروں کو سی پی آئی کی تائید کی ستائش کی اور ریاستی قائدین سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ سی پی آئی نے نہ صرف کانگریس امیدواروں کی تائید کا اعلان کیا ہے بلکہ ان کے قائدین اور کارکن میدان میں سرگرم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اور سی پی آئی کے درمیان فطری اتحاد ہے اور لوک سبھا چناؤ میں دونوں پارٹیوں کے کارکن مشترکہ طور پر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی پی آئی اور کانگریس کے نظریات میں یکسانیت ہے۔ دونوں پارٹیاں سیکولرازم پر اٹوٹ ایقان رکھتی ہیں۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ ملک کو فرقہ پرست سیاست سے نجات دلانے کیلئے دونوں پارٹیوں نے مل کر کام کرنے کا فیصلہ کیا ۔ سماجی انصاف اور کمزور طبقات جیسے دلت ، آدیواسی اور پسماندہ طبقات کی ترقی کیلئے دونوں پارٹیوں کے یکساں نظریات ہیں۔ غریبوں اور مزدور طبقہ کی بھلائی دونوں پارٹیوں کی اولین ترجیحات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں کانگریس اور سی پی آئی اتحادی پارٹیوں کی طرح کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی پی آئی قومی سطح پر انڈیا الائینس میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اور سی پی آئی متحدہ طور پر فرقہ پرست سیاست اور نظریات کا مقابلہ کر رہے ہیں تاکہ بی جے پی اور اس کی تنظیموں سے ملک کو نجات دلائی جائے۔ اتم کمار ریڈی نے بی جے پی اور بی آر ایس کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ گزشتہ 10 برسوں میں دونوں پارٹیوں نے مرکز اور ریاست میں عوام سے کئے گئے وعدوں کو فراموش کردیا ۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے آندھراپردیش تنظیم جدید قانون میں دیئے گئے تیقنات سے انحراف کرلیا ہے ۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ مرکز نے کانگریس زیر قیادت حکومت کی تشکیل یقینی ہے اور تلنگانہ کیلئے جاری کردہ خصوصی انتخابی منشور پر عمل کیا جائے گا۔ 1