لوگ مہنگائی سے بہت پریشان ہیں:راہول

,

   

نئی دہلی : کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی نے کہا ہے کہ آج ملک میں مہنگائی سب سے بڑا مسئلہ ہے اور وہ بھارت جوڑو یاترا کے دوران جہاں بھی لوگوں سے مل رہے ہیں، لوگ مہنگائی سے پریشان ہیں اور اس پر بات کر رہے ہیں۔وزیر اعظم نریندر مودی پر مہنگائی پر قابو پانے میں ناکام ہونے کا الزام لگاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مودی عوام کی تکلیفوں کو سمجھتے ہیں لیکن وہ جان بوجھ کر عوام کی تکلیفوں کو کم کرنے کی کوشش نہیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت جوڑو یاترا اس سمت میں سنگ میل ثابت ہوگی اور وہ عوام کے ہر دکھ کو آواز بنائیں گے ۔راہول نے ٹویٹ کیاکہ مہنگائی! ہندوستان جوڑو یاترا کے دوران میں جہاں بھی جا رہا ہوں، لوگ اس مسئلے کو لے کر بہت پریشان ہیں۔ وزیراعظم جان بوجھ کر عوام کی حالت زار کو نظر انداز کر رہے ہیں۔ بھارت کی ہر دکھ بھری آواز کو طاقت بنائیں گے ، بھارت جوڑتے جائیں گے ۔اِس دوران کانگریس نے کہاکہ 16 ستمبر سے بھارت جوڑو یاترا کو دیگر ریاستوں میں بھی سرگرمی سے آگے بڑھایا جائے گا۔ سینئر پارٹی قائدین ڈگ وجئے سنگھ اور جئے رام رمیش نے بتایا کہ وہ آسام، مغربی بنگال، جھارکھنڈ، بہار اور اڈیشہ کا دورہ کریں گے۔ہماری کوشش ہوگی کہ ریاستی یونٹس کو یاترا میں متحرک کیا جائے۔