لڑکیوں کو دینی تعلیم کے ساتھ دنیاوی تعلیم دینے کا مشورہ

   

جامعۃ المومنات کی خواتین کانفرنس، حضرت سید پیر ہاشم الدین الگیلانی و دیگر کا خطاب

حیدرآباد۔/16 نومبر، ( راست ) ممتاز عالم دین فضیلۃ الشیخ حضرت سید پیر ہاشم الدین الگیلانی سجادہ نشین بارگاہ حضور سید نا پیران پیر غوث الاعظم دستگیر رضی اللہ عنہ ( بغداد شریف ) نے جامعۃ المومنات کے زیر اہتمام منعقدہ خواتین کانفرنس ، اردو مسکن خلوت سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عورت کا مقام و مرتبہ اللہ تعالیٰ نے بلند کیا ہے۔ ماں کی گود اولاد کے حق میں پہلی درسگاہ کا درجہ رکھتی ہے۔ ماں نیک ہو تو اولاد بھی نیک ہوتی ہے اگر ماں تعلیم یافتہ ہوجائے تو اولاد بھی تعلیم یافتہ ہوتی ہے۔ حضور صلی اللہ علیہ وسلم ارشاد فرماتے ہیں کہ ماں کے قدموں کے نیچے جنت ہے اور باپ جنت کے دروازوں میں سے بیچ کا دروازہ ہے۔ ماں کی تربیت ایک خاندان کی تربیت ہے۔ کانفرنس کا آغاز قرأت و نعت شریف سے ہوا، خیرمقدمی کلمات مفتیہ نسرین افتخار نے ادا کئے۔ صدارت مفتی محمد حسن الدین، سرپرستی مولانا سید شاہ دریش محی الدین قادری مرتضی پاشاہ اور نگرانی حضرت ڈاکٹر شاہ ادریس قادری سجادہ نشین خانقاہ قادریہ بگدل شریف ( کرناٹک ) نے کی۔ الحاج محمد محمود علی وزیر داخلہ تلنگانہ نے کہا کہ عورت گھر کو جنت بناسکتی ہے اور جہنم بھی، ماؤں کو چاہیئے کہ وہ اپنی اولاد کو اچھے اخلاق و کردار بالا بنائیں اور اپنے رشتہ داروں کے حقوق سے آگاہ کروائیں اور انہیں دینی تعلیم کے ساتھ دنیوی تعلیم سے بھی آراستہ کروائیں۔ الحاج محمد قمر الدین نے کہا کہ عورت نصف انسانیت ہے، انسانی معاشرہ میں جتنی اہمیت ایک مرد کو حاصل ہے اتنی ہی ایک عورت کو بھی حاصل ہے بلکہ بعض پہلوؤں سے عورت کی اہمیت بڑھ جاتی ہے اسی لئے وہ خاندان کی اکائی ہے۔ حافظ محمد مظفر حسین خاں نے کہا کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں کہ تم میں کامل مومن وہ ہے جو بہترین اخلاق کا حامل ہے اور فرمایا کہ تم میں بہتر وہ ہے جو اپنی بیوی کیلئے بہتر ہو۔ مولانا ڈاکٹر سراج الرحمن نقشبندی نے کہا کہ اسلام روز ازل ہی سے خواتین کا علمبردار رہا ہے۔ پروفیسر سید تنویر الدین خدانمائی نے کہا کہ عورت کی سب سے بہتر نماز وہ ہے جو گھر کی کوٹھری میں پڑھی جائے۔ مفتیہ ناظمہ عزیز مومناتی نے کہا کہ عورت کو اسلام نے بحیثیت ماں، بہن، بیٹی، بیوی ہر حیثیت سے اونچا مقام عطا کیا۔ مفتیہ تہمینہ تحسین نے خیرمقدمی نظم سنانے کی سعادت حاصل کی۔ مفتیہ سیدہ عاتکہ طیبہ نے شرکائے کانفرنس خواتین سے عہد لیا کہ وہ شریعت اسلامی کی پابند رہیں گی۔ مفتیہ حافظہ رضوانہ زرین پرنسپل و شیخ الحدیث جامعۃ المومنات نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جامعۃ المومنات کی جانب سے منعقدہ کانفرنس مستحسن فعل ہے۔ اس کے علاوہ حافظہ رمیصاء افشین ، قاریہ فاطمہ سعیدی ، حافظہ اسماء و حفصہ، قاریہ واجدہ بیگم ، قاریہ ام سلمیٰ ، مفتیہ سیما فاطمہ ، عالمہ راحلہ فردوس نے بھی خطاب کئے۔ اس کے علاوہ کانفرنس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے وحید احمد ایڈوکیٹ ( رکن وقف بورڈ تلنگانہ ) محترم سید شفیع الدین قادری، الحاج محمد معیز چودھری، جناب فرید قریشی ، جناب سید شاہ نورالحق قادری، جناب فاروق علی خاں ایڈوکیٹ، ڈاکٹر مفتی عبدوالواسع احمد صوفی، سجاد محمد عمران، سید سمیع اللہ، سجاد نعمان، سید شمس الدین فاروقی، ڈاکٹر مفتی سراج الدین، الحاج محمود احمد کامرانی، جناب راشد عبدالرزاق میمن شریک رہے۔ مفتی ریاض احمد ، مفتی محمد غوث عادل، مفتی عبدالرحیم، جناب محمد احمد پاشاہ، حافظ محمد جعفر ، محمد عابد صابری، محمد محسن ، محمد مصعب پاشاہ دانش نے کانفرنس کے انتظامات کئے۔