لڑکیوں کو ہراساں کرنے والا شخص گرفتار

   

سائبر آباد پولیس کی کارروائی، چوکس رہنے عوام سے خواہش
حیدرآباد۔/16اپریل، ( سیاست نیوز) دوستی کی آڑ میں خواتین اور لڑکیوں کو ہراساں کرنا ایک دھوکہ باز کیلئے مہنگا ثابت ہوا۔ ڈیٹنگ سائیٹس سے دوستی پھر دھمکیوں نے جی عبداللہ کو جیل منتقل کردیا۔ سائبر کرائم پولیس سائبر آباد نے ایک کارروائی کے دوران جی عبداللہ کو گرفتار کرلیا ہے۔ یہ شخص کرنول کا متوطن بتایا گیا ہے جو کوکٹ پلی کی ایک کمپنی میں کام کرتا تھا۔ پیشہ سے سیول انجینئر اس شخص نے ڈیٹنگ سائیٹ پر اپنی شناخت فرضی رکھی تھی اور خود کو ڈاکٹر کارتک ریڈی نام کی شناخت دی تھی۔ گذشتہ ماہ 23 مارچ کو ایک خاتون کی شکایت کے بعد سائبر کرائم پولیس نے تحقیقات کرتے ہوئے اس شخص کو گرفتار کرلیا۔پوپل گوڑہ منی کنڈہ علاقہ میں رہتا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ اس شخص نے ایک خاتون سے 4 لاکھ روپئے کا مطالبہ کیا تھا۔ دیگر صورت اس خاتون کی تصاویر اور ویڈیوز کو سوشیل نیٹ ورکنگ سائیٹ پر پھیلادینے کی دھمکی دی تھی۔ پریشان حال خاتون نے سائبر ٹیم سے رجوع ہوکر شکایت کردی۔ پولیس کے مطابق ڈیٹنگ سائیٹ پر یہ شخص کئی لڑکیوں اور خواتین سے چیاٹنگ کرتا تھا اور چیاٹنگ کے دوران دوستانہ تعلقات کا ناجائز فائدہ اٹھاتا تھا۔ جب لڑکیاں اور خواتین اس سے تعلقات کو ترک کرنے کی بات کرتے تو ان سے وہ تعلقات کو ترک کرنے پر دھمکیاں دیتا تھا اور رقمی مطالبہ کرتے ہوئے انہیں ہراساں کرتا تھا۔ پولیس سائبر کرائم نے ایسے افراد سے چوکس رہنے کی درخواست کی ہے۔