لکھنؤ ۔ این سی آر میں ماسک کا لزوم

   

لکھنؤ : اترپردیش حکومت نے دہلی سمیت دیگر کچھ سرحدی صوبوں میں کووڈ کے معاملے بڑھنے کی وجہ سے صوبے کی راجدھانی لکھنؤ اور قومی راجدھانی کے علاقے (این سی آر) کے اضلاع میں عوامی مقامات پر ماسک کو پہننا لازمی قرار دے دیا ہے ۔وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی قیادت میں پیر کو ٹیم۔9 کے ساتھ ہوئی یومیہ جائزہ میٹنگ میں حالات کے جائزے کی بنیاد پر وزیر اعلی نے ہدایت دی کہ این سی آر کے اضلاع(گوتم بدھ نگر، غازی آباد،ہاپوڑ،میرٹھ، بلند شہر ،باغپت) اور لکھنؤ میں عوامی مقامات پر ماسک پہننا لازمی کیا جائے ۔ ان اضلاع میں ٹیکہ کاری سے بچے لوگوں کی نشاندہی کر کے انہیں ٹیکہ لگایا جائے ساتھ ہی پبلک ایڈرس سسٹم) کو موثر انداز میں استعمال کیا جائے اور کورونا کے علامات والے افراد کی ٹیسٹنگ کرائی جائے ۔وزیر اعلیٰ دفتر سے موصول اطلاعات کے مطابق، عہدیداروں نے میٹنگ میں اعداد و شمار کے حوالے سے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں گوتم بدھ نگر میں 65 نئے مثبت مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے ، 20 غازی آباد میں اور 10 لکھنؤ میں ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ان اضلاع کی صورتحال پر گہری نظر رکھی جائے ۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ این سی آر کے اضلاع میں کورونا انفیکشن کا اثر ہے ۔ پچھلے کچھ دنوں سے ان اضلاع میں کورونا کے کیسز میں اضافہ ہواہے ۔