لیموں کی پیداوار میں کمی مانگ میں

   

اضافہ،ایک ماہ میں قیمتوں میں 350 فیصد کا اضافہ ، عوام حیرت زدہ
حیدرآباد ۔ 30 مارچ (سیاست نیوز) گرمی کی شدت میں دن بہ دن اضافہ ہورہا ہے۔ ویسے لوگ گرمی کی لہر سے محفوظ رہنے کیلئے طرح طرح کے مشروبات کا سہارا لے رہے ہیں جس کے باعث مارکٹ میں لیموں کی قیمتوں میں زبردست اضافہ ہوگیا ہے۔ 6 بڑے سائز کے لیموں جو پہلے 20 روپئے میں دستیاب تھے اب ان کی قیمت بڑھ کر 40 روپئے ہوگئی ہے۔ اگر صرف ایک عدد لیموں خرید رہے ہیں تو اس کی قیمت 10 روپئے ہوگئی ہے۔ چھوٹے سائز کا فی عدد لیموں 5 روپئے میں فروخت کیا جارہا ہے۔ موسم گرما میں لیموں کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ہونے پر عوام حیرت کا اظہار کررہے ہیں۔ تاجرین سے اس کی وجہ دریافت کرنے پر پتہ چلا ہیکہ لیموں کی پیداوار میں جہاں کمی ہوگئی ہے وہیں اس کی مانگ میں اضافہ ہوگیا ہے۔ زیادہ تر کرناٹک میں لیموں کی کاشت ہوتی ہے۔ بتایا جارہا ہیکہ وہاں اس سال لیموں کی پیداوار میں 40 فیصد کمی آئی ہے، جس کے نتیجہ میں ریاست تلنگانہ میں ہول سیل اور ریٹل مارکٹس میں لیموں کی قیمتوں میں زبردست اضافہ ہوگیا ہے۔ ایک ماہ قبل ہول سیل مارکٹ میں 2 ہزار روپئے میں بڑے سائز کے 1000 لیموں فروخت ہوتے تھے اب 1000 لیموں کیلئے 7 ہزار روپئے سے زیادہ رقم ادا کرنی پڑرہی ہے۔ ایک ماہ میں لیموں کی قیمتوں میں 350 فیصد کا اضافہ ہوگیا ہے۔ ملک میں لیموں کی کاشت زیادہ تر آندھراپردیش کرناٹک اور تلنگانہ میں کی جاتی ہے۔ آندھراپردیش میں تقریباً 7 لاکھ ٹن، کرناٹک میں 3 لاکھ ٹن اور تلنگانہ میں 1.5 لاکھ ٹن سالانہ لیموں کی پیداوار ہوتی ہے۔ کسانوں سے خریدنے والے تاجر انہیں مقامی طور پر فروخت کرنے کے علاوہ سورت، احمدآباد، دہلی، کولکتہ اور چینائی کے راستے بیرونی ممالک روانہ کرتے ہیں۔ حکام کا کہنا ہیکہ اس سال مناسب بارش نہ ہونے کی وجہ سے لیموں کی پیداوار میں بھاری گراوٹ آئی ہے۔2