لین دین کے خاتمہ کیلئے نکاح اسلامی اصولوں پر طئے کرنے کی تلقین

,

   

سیاست اور ملت فنڈ کا 102 واں دوبہ دوملاقات پروگرام ‘ سابق رکن پارلیمان عزیز پاشاہ و دیگر کا خطاب

حیدرآباد ۔ 26؍ جنوری ( سیاست نیوز) لڑکی کی پیدائش اور تعلیم کی تکمیل کے بعد والدین کو لڑکی کا رشتہ طئے کرنے کے لئے کئی مسائل سے دو چار ہونا پڑتا ہے اور اس مسئلہ کو سماجی و فلاحی تنظیمیں بھانپ کر آگے آ رہی ہیں ۔ اس میں سیاست اور ملت فنڈ کی کارکردگی ملک اور اقطاع عالم میں نمبر ون پر ہے ۔ جناب زاہد علی خان ایڈیٹرسیاست اور جناب ظہیرالدین علی خان منیجنگ ایڈیٹر سیاست کی مساعی یہ دو بہ دو ملاقات پرگرام 102 ویں پروگرام میں داخل ہوچکا ہے جو مبارکباد کے مستحق ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار جناب عزیز پاشاہ سابق رکن پارلیمان نے آج سیاست اور ملت فنڈ کی جانب سے 102 ویں دو بہ دو ملاقات پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ یہ دوبہ دو ملاقات پروگرام چندرائن گٹہ کے کثیر آباد والے علاقہ کشش فنکشن ہال مین روڈ ڈی آر ڈی ایل میں رکھا گیا جس میں والدین اور سرپرستوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ ڈاکٹر ناظم علی نے سیاست اور ملت فنڈ کی سماجی کاوش کی سراہنا کی اور کہا کہ 102 ویں دو بہ دو ملاقات پروگرام میں اب تک کئی شادیاں طئے پاچکی ہیں اور وہ اپنے اپنے گھرانوں میں خوش و خرم ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ لڑکی کے انتخاب میں رنگ و روپ اور خواہشات کو ترجیح نہ دیں ‘بلکہ اخلاق اور خاندان و تعلیمی قابلیت کو ترجیح دی جانی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ جناب زاہد علی خان ایڈیٹر سیاست کی یہ تحریک ایک کھانا اور میٹھا کی آج دنیا کے کونے کونے میں سراہنا کی جا رہی ہے جس کو اپنے اپنے گھرانوں میں ردوبہ عمل لانا ضروری ہے ۔ جناب میر انوار الدین نے کہا کہ رشتوں کے انتخاب میں والدین کو یہ احساس ہونا چاہئے اور بے فضول امیتازات کو ترک کرنا بے حد ضروری ہے ۔ اب تو حالت یہ ہے کہ لڑکا اور لڑکی کے انتخاب میں والدین پرانے شہر اور نئے شہر کے درمیان امتیاز اور دوسرے فضول گفتگو کے ذریعہ رشتوں میں دراڑ پیدا کر رہے ہیں ۔
(سلسلہ صفحہ 6پر)